شمالی بھارت

یوپی میں سیاحوں کیلئے ہیلی کاپٹر ٹیکسی سرویسس کا عنقریب آغاز

محکمہ سیاحت کے عہدیداروں کا احساس ہے کہ وباء کے سبب لوگ پرہجوم بسوں اور ٹرینوں میں سفر کرنا پسند نہیں کرتے ایسے میں ہیلی کاپٹر ٹیکسی ایک اچھا متبادل ہوگا۔

لکھنو: اترپردیش کا محکمہ سیاحت‘ہیلی کاپٹر ٹیکسی سروس شروع کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے تاکہ ریاست کے ممتاز مقامات کو مربوط کیا جاسکے۔

توقع ہے کہ اس سروس کا آغاز جاریہ سال دسمبر سے ہوگا۔ محکمہ سیاحت کے عہدیداروں کا احساس ہے کہ وباء کے سبب لوگ پرہجوم بسوں اور ٹرینوں میں سفر کرنا پسند نہیں کرتے ایسے میں ہیلی کاپٹر ٹیکسی ایک اچھا متبادل ہوگا۔

پرنسپال سکریٹری ٹورازم اور کلچر مکیش کمار میشرام کے مطابق آگرہ میں ہیلی پورٹ تیار ہوچکا ہے جبکہ دیگر اہم سیاحتی مقامات پر ہیلی پورٹس کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ یہ پراجکٹ عوامی اور خانگی شراکت داری (پی پی پی) ماڈل پر مبنی ہوگا اور موزوں خانگی شراکت داروں کو تلاش کرنے اندرون 2ہفتے ایک مشیر کا تقر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیشتر سیاح بالخصوص غیرملکی‘ اچھے فضائی ارتباط کے سبب تاج محل کا نظارہ کرنے آگرہ کا دورہ کرتے ہیں لیکن کمزور ارتباط کے سبب مساوی طورپر اہم دیگر سیاحتی مقامات کا دورہ نہیں کرتے۔ ہیلی کاپٹرٹیکسی سروس ایسے سیاحوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔