شمالی بھارت

یوپی میں عامر خان کی فلم پر امتناع عائد کرنے ہندو تنظیم کا مطالبہ

سینا یوتھ وِنگ کے ریاستی صدر چندرپرکاش سنگھ اور اس کے نائب صدر ارون پانڈے نے الزام عائد کیا کہ عامر خان اپنی فلموں میں ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں اور وہ سناتن دھرم کے خلاف ہیں۔

وارانسی (یوپی): ہندو تنظیم کے ارکان نے آج عامر خان کی فلم ”لال سنگھ چڈھا“کے خلاف احتجاج منظم کیا اور اترپردیش میں اس پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اداکار پر دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑانے کا الزام عائد کیا۔ سناتن رکھشک سینا کے ارکان نے فلم کے خلاف نعرہ بازی کی اور بیہوپور میں آئی پی وجئے مال کے روبرو احتجاج منظم کیا۔

 سینا یوتھ وِنگ کے ریاستی صدر چندرپرکاش سنگھ اور اس کے نائب صدر ارون پانڈے نے الزام عائد کیا کہ عامر خان اپنی فلموں میں ہندو دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتے ہیں اور وہ سناتن دھرم کے خلاف ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہم تمام سناتنی اپنے ملک میں اس فلم کو چلنے نہیں دیں گے۔ ہم گھر گھر جائیں گے اور عوام سے عامر خان کی فلموں کا بائیکاٹ کرنے کی درخواست کریں گے۔ ساتھ ہی ساتھ ہم چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے اس فلم پر امتناع عائد کرنے کی درخواست بھی کریں گے۔