جموں و کشمیر

شوپیاں میں مقامی مسلمانوں نے پنڈت خاتون کی آخری رسومات انجام دیں

جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے پرگوچھی گاؤں میں مقامی لوگوں نے مذہبی بھائی چارے کی اسی مشعل کو مزید روشن کرتے ہوئے ایک معمر پنڈت خاتون کی آخری رسومات انجام دیں بلکہ سوگواروں کی بھی برابر ڈھارس بندھائی۔

سری نگر: وادی کشمیر جہاں اپنے منفرد حسن و جمال کے لئے دنیا کے اطراف و اکناف میں مشہور ہے وہیں مذہبی بھائی چارے اور آپسی محبت و اخوت جیسے اعلیٰ انسانی و اخلاقی اقدار کے لئے بھی کشمیریوں کا شہرہ دور دور تک پھیلا ہوا ہے۔

جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے پرگوچھی گاؤں میں مقامی لوگوں نے مذہبی بھائی چارے کی اسی مشعل کو مزید روشن کرتے ہوئے ایک معمر پنڈت خاتون کی آخری رسومات انجام دیں بلکہ سوگواروں کی بھی برابر ڈھارس بندھائی۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ 75 سالہ چونی دیوی زوجہ چونی لال کنہ جمعرات کی شب طویل علالت کے بعد چل بسی۔ انہوں نے کہا کہ جوں ہی یہ خبر گاؤں میں پھیل گئی تو لوگ چونی لال کے گھر میں جمع ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ جن میں مرد و زن شامل تھے،رات بھر سوگواروں کی ڈھارش بندھاتے رہے اور پھر صبح ہونے کے بعد چونی دیوی کے آخری رسومات انجام دینے کے انتظامات میں جٹ گئے۔ مذکورہ ذرائع نے کہا کہ مقامی لوگوں خاص کرخواتین کا سوگوار کے گھر دن بھر تانتا بندھا رہا۔