شمالی بھارت

ایم بی بی ایس کیلئے ہندی میں نصابی کتب کی رسم اجراء

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایم بی بی ایس کے طلباء کیلئے ہندی میں نصابی کتب کی رسم اجراء انجام دی۔اس طرح حکومت مدھیہ پردیش کی طبی تعلیم سے متعلق پراجیکٹ کی انہوں نے تکمیل کردی۔

بھوپال: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایم بی بی ایس کے طلباء کیلئے ہندی میں نصابی کتب کی رسم اجراء انجام دی۔اس طرح حکومت مدھیہ پردیش کی طبی تعلیم سے متعلق پراجیکٹ کی انہوں نے تکمیل کردی۔

جس کا عرصہ دراز سے انتظار تھا۔ریاستی حکومت ہندی زبان میں طبی تعلیم کی فراہمی کی خواہاں ہے۔ اس سلسلہ میں ایک پراجکٹ بنایا گیا ہے جس کے تحت ایم بی بی ایس کے طلباء کیلئے تین مضامین کی ہندی میں نصابی کتابوں کی رسم اجراء انجام دی گئی۔

انہوں نے آج کے دن کو تاریخ میں اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش حکومت ملک میں پہلی ریاست بن گئی ہے جہاں پر ایم بی بی ایس کی تعلیم ہندی میں دی جائے گی۔ مرکزی وزیر امیت شاہ نے کہا ہے کہ آج کا دن تاریخ سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔

ریاست کے دارالحکومت بھوپال میں منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیکل بائیو کیمسٹری، اناٹومی اور میڈیکل فزیالوجی مضامین کی کتابوں کی ہندی میں رسم اجرائی کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ یہ ایم بی بی ایس کے ان طلبہ کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوں گی جوکہ ہندی میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

اس تقریب میں چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان اور وزیر طبی تعلیم وشواس سرنگ بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی دوسری 8زبانوں میں بھی ٹیکنیکل اور میڈیکل تعلیم کا انتظام کیا جارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی کے ایک حصہ کے طورپر ہندی میں ایم بی بی ایس کورس کا آغاز کیا گیا ہے اور عنقریب دوسری زبانوں میں بھی طبی تعلیم کا انتظام کیا جائے گا۔امیت شاہ میں اس سلسلہ میں چیف منسٹر چوہان اور وزیر سرنگ کی خدمات کی ستائش کی جنہوں نے ایم بی بی ایس کی تعلیم ہندی میں شروع کرنے کے تعلق سے ملک کی قیادت کی ہے اور اب طلبہ اپنی زبان میں طبی تعلیم حاصل کرسکیں گے۔

وزیر طبی تعلیم وشواس سرنگ نے کہا کہ مذکورہ کام کیلئے 97 ڈاکٹروں کی ٹیم کی خدمات حاصل کی گئیں۔ اس دوران گوالیار سے موصولہ اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں راج ماتا وجئے راجیہ سندھیا ایرپورٹ کی توسیع اور نئی ٹرمینل بلڈنگ کا آج سنگ بنیاد رکھا۔جس کی تعمیر پر 446کروڑ روپئے کا تخمینہ کیا گیا ہے۔اس تقریب میں وزیر شہری ہوا بازی جے سندھیا،وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر اور چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان موجود تھے۔