شمالی بھارت

مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا سوامی پرساد موریہ کا کمشنر کو مکتوب

سماج وادی پارٹی (ایس پی) قائد سوامی پرساد موریہ نے لکھنو کے پولیس کمشنر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے مہنت راجوداس اور اس کے حامیوں کی جانب سے قاتلانہ حملہ کئے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔

لکھنو: سماج وادی پارٹی (ایس پی) قائد سوامی پرساد موریہ نے لکھنو کے پولیس کمشنر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے مہنت راجوداس اور اس کے حامیوں کی جانب سے قاتلانہ حملہ کئے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔

متعلقہ خبریں
مسجد یکمنارہ اکبری گیٹ لکھنؤ میں تذکرۂ شہدائے کرام جلسوں کے اختتام پر جلسۂ اظہار تشکّر کا انعقاد
مسجد ایکمنارہ اکبری گیٹ لکھنؤ میں دس روزہ تذکرۂ شہداۓ کرام کے چھٹے جلسے کا انعقاد
لکھنؤ چلڈرنس پارک میں لاشوں کو جلانے کا واقعہ، عہدیدار خاموش

موریہ نے کہا کہ مہنت راجوداس‘ مہنت پرم ہنس داس اور ان کے حامیوں نے جن کا تعلق تپسوی چھاؤنی سے ہے‘ لکھنو میں ان پر تلواروں اور کلہاڑیوں سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے راجوداس کی جانب سے قبل ازیں دی گئی دھمکی کا حوالہ دیتے ہوئے جب اس نے موریہ کا سر قلم کرنے پر انعام کا اعلان کیا تھا‘ سیکوریٹی کا مطالبہ کیا۔

موریہ نے جو ایک ٹی وی چیانل کے پروگرام میں حصہ لینے کیلئے یہاں آئے ہوئے تھے‘ ہوٹل کے انتظامات پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ ہوٹل جیسے محفوظ مقام پر جہاں موبائلس‘ سامان اور کپڑوں کی تلاشی لی جاتی ہے‘ ایسی صورتِ حال میں یہ لوگ تیز دھار ہتھیاروں کے ساتھ میرا انتظار کررہے تھے۔

یہ ایک بڑی سازش معلوم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی سیکوریٹی کے لئے وزیراعظم‘ صدرجمہوریہ اور چیف منسٹر کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ حملہ آور وہی لوگ تھے جنہوں نے مجھے دھمکی دی تھی۔