شمالی بھارت

سنٹرل یونیورسٹی آف ساؤتھ بہار میں اردو کلاسز کا آغاز

کورس کا افتتاح کرتے ہوئے صدر شعبہ ہندوستانی زبان پروفیسر سریش چندر نے کہا کہ اس شعبہ کے مکمل ہونے کی جانب ہندی کے بعد اردو کا یہ دوسرا قدم ہے۔

پٹنہ: مسلسل کوششوں کے بعد شعبہ ہندوستانی زبان، سنٹرل یونیورسٹی آف ساؤتھ بہار، گیا میں اردو اوپن الیکٹیو کورس کی شروعات ہوگئی ہے۔یہ اطلاع یونیورسٹی کے پبلک ریلشن افسر محمّد مدثر عالم نے جاری ایک ریلیز میں دی ہے ۔

ریلیز کے مطابق کورس کا افتتاح کرتے ہوئے صدر شعبہ ہندوستانی زبان پروفیسر سریش چندر نے کہا کہ اس شعبہ کے مکمل ہونے کی جانب ہندی کے بعد اردو کا یہ دوسرا قدم ہے۔ ڈاکٹر کفیل احمد نسیم کی لمبی کوششوں کے بعد آج اپنے شعبے میں اردو کی کلاس کا افتتاح کرتے ہوئے مجھے دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔

 اس کورس کے استاد ڈاکٹر کفیل احمد نسیم کو میں مبارکباد پیش کرتا ہوں جنھوں نے اردو کی کلاسز شروع کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔ اس کے علاوہ بھی انھوں نے بہت سے پروپوزل جیسے ایم۔ اے۔ اردو، پی۔ ایچ۔ ڈی۔ اردو وغیرہ جمع کیے ہیں جن پر مستقبل قریب میں شروع کرنے کی منظوری لی جائے گی۔

آج اس شعبے میں اردو کلاسز کی جانب پہلا قدم ہے جس میں ہم سب تاریخی گواہ کی صورت میں جمع ہوئے ہیں۔ آج کا دن اور اردو اوپن الیکٹیو کورس کی یہ کلاس ہمارے شعبے کے لیے تاریخی دن ہے کہ ہندی کے بعد اردو کی پڑھائی بھی شروع ہو رہی ہے۔

انہوں کہا کہ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا طالب علم رہا ہوں، اردو میں نے پڑھی ہے، اردو سے محبت ہے اور اس کے مفاد میں ہر قدم کوششیں کرتا رہوں گا۔

 کورس انچارج ڈاکٹر کفیل احمد نسیم نے کہا کہ میں عزت مآب وائس چانسلر پروفیسر کامیشور ناتھ سنگھ اور صدر شعبہ پروفیسر سریش چندر کے ساتھ اپنے شعبہ کے تمام ہندی اساتذہ کا شکر گزار ہوں جنھوں نے ہماری اس کوشش کو کامیاب بنانے میں اپنے اختیارات اور اقدامات سے نوازا۔ اردو کلاسز سے متعلق ہمارے دیگر پروپوزل کی منظوری میں بھی ان سب کا تعاون ہمارے لیے قابل فخر اور اطمینان بخش ہے۔

اس موقعے پر شعبہ ہندوستانی زبان کے استاد ڈاکٹر یوگیش پرتاپ شیکھر، ڈاکٹر رام چندر رجک، شعبہ انگریزی کے استاد ڈاکٹر سریش کوراپتی اور شعبہ قانون کے استاد ڈاکٹر دیو نرائن سنگھ نے شعبے کی تاریخ، اس کے ناموں کی تبدیلی۔

 ہندی اردو اور دیگر ہند آریائی زبانوں کے اشتراک اور ارتقا پر گفتگو کرتے ہوئے اردو اوپن الیکٹیو کورس کی شروعات کے لیے اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کورس انچارج ڈاکٹر کفیل احمد نسیم کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقعے پر اردو اوپن الیکٹیو کورس میں رجسٹرڈ طلبہ نے بھی اپنے کورس کے انتخاب پر اظہار خیال کیا