ایشیاء

پاکستان ملکی تاریخ کے سب سے تباہ کن سیلاب کی زد میں: انجلینا جولی

امریکی اداکارہ نے کہا کہ میں بین الاقوامی برادری کو مزید کام کرنے پر زور دینے میں بالکل آپ کے ساتھ ہوں، مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہم اکثر امداد کی اپیلوں کی بات کرتے ہیں لیکن یہ بہت، بہت زیادہ (مختلف) ہے۔

اسلام آباد: امریکی اداکارہ اور انسان دوست رضاکار انجلینا جولی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ملک کی تاریخ کے سب سے تباہ کن سیلاب کی زد میں ہے اور بین الااقوامی برادری کو مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ نہوں نے سیلاب زدہ پاکستان کا دورہ کرتے اورسیلاب زدگان سے ملاقات کرتے ہوئے یہ احساس ظاہر کیا۔

این ایف آر سی سی کے ڈپٹی چیئرمین احسن اقبال نے جولی کاخیرمقدم کیا اور ملکی تاریخ کے سب سے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان آنے پر شکریہ ادا کیا۔اداکارہ منگل کی سہ پہر پاکستان پہنچیں اور دادو کا دورہ کیا تھا

جہاں انہوں نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لیا اور متاثرین سے ملاقات کی، چہارشنبہ کے اجلاس کے دوران انہیں سیلاب کے ردعمل اور اب تک کیے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔ اس دوران انہوں نے نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انجلینا جولی نے کہا کہ میں نے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا، جیسا کہ آپ نے ذکر کیا ہے، میں کئی بار پاکستان آئی ہوں اور پہلی دفعہ ایک میزبان ملک کی حیثیت سے پاکستان کی جانب سے افغان عوام کے لیے سخاوت کے مظاہرے کی وجہ سے آئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اکثر ایسے وہ ممالک ہوتے ہیں جن کے پاس اتنا نہیں ہوتا ہے لیکن پھر بھی دوسروں کے مقابلے میں زیادہ دیتے ہیں اور اب اس وقت ہم دیکھتے ہیں کہ یہ وہ ممالک ہیں جن سے ماحولیات کو کم نقصان پہنچتا ہے اور وہ تباہی، تکالیف اور اموات کا شکار ہیں۔وہ فی الحال انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کے ایمرجنسی ریسپانس آپریشنز کے ایک رکن کے طور پر دورہ کر رہی ہیں۔

امریکی اداکارہ نے کہا کہ میں بین الاقوامی برادری کو مزید کام کرنے پر زور دینے میں بالکل آپ کے ساتھ ہوں، مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہم اکثر امداد کی اپیلوں کی بات کرتے ہیں لیکن یہ بہت، بہت زیادہ (مختلف) ہے۔انہوں نے کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ یہ دنیا کے لیے ایک حقیقی ویک اپ کال ہے کہ ہم کہاں (کھڑے) ہیں، یہ کہ موسمیاتی تبدیلی نہ صرف حقیقی ہے بلکہ آ رہی ہے اور تقریباً آچکی ہے۔

خیال رہے کہ اداکارہ انجلینا جولی اقوام متحدہ کی پناہ گزین کمیٹی یو این ایچ سی آر کی خصوصی سفیر ہیں اور کمیٹی کے لیے خیر سگالی سفیر کے طور پر 11 سال تک خدمات انجام دیتی رہیں۔

انہوں نے کہاکہ حتیٰ کہ ایسے فرد کے طور پر جو برسوں سے انسانی امداد کا حصہ رہا ہے، ہم اکثر کسی بحران کو دیکھتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ اسے کیسے حل کیا جائے، ہم کیا کر سکتے ہیں، کیا تعمیر کریں، بچوں کی مدد کریں یا خوراک دیں اور اب ہم اس طرح کی صورتحال میں ہیں کہ جہاں ضروریات بہت بڑی ہیں اور ہر کوشش بہت سارے لوگوں کے لیے زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔

خیال رہے کہ انجلینا جولی اس سے قبل 2010 کے سیلاب اور 2005 میں زلزلے کے متاثرین سے ملنے کے لیے پاکستان آئی تھیں۔