شمالی بھارت

گیان واپی کیس‘ اے ایس آئی سروے پر پابندی برقرار

عدالت نے عبوری فیصلے کے تحت اے ایس آئی کو 30ستمبر تک احاطے کا سروے کرنے سے روکتے ہوئے معاملے کی سماعت کی اگلی تاریخ 12ستمبر طے کی ہے۔

پریاگ راج: اترپردیش کے ضلع وارانسی میں واقع گیان واپی مسجد احاطے کا آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا(اے ایس آئی) سے سروے کرانے پر 30ستمبر تک روک لگانے کے الہ آباد ہائی کورٹ نے اپنے سابقہ فیصلے کو آج سماعت کے بعد برقرار رکھا۔جج جسٹس پرکاش پاڈیا کی واحد رکنی بنچ نے درخواست گذار انتظامیہ مساجد کمیٹی وارانسی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ صادر کیا۔

 اس معاملے میں فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مقدمہ کے مدعیان میں شامل اے ایس آئی کی جانب سے عدالت میں کوئی نمائندہ حاضر نہیں ہوا ہے۔ جسٹس پاڈیا نے کہا کہ اے ایس آئی کی جانب سے عدالت کے سامنے ایک مختصر حلف نامہ پیش کیا گیا۔

محض ڈھائی صفحہ کے اس حلف نامے کو عدالت نے پوری طرح غیر واضح قرار دیتے ہوئے اے ایس آئی کے ڈائرکٹر جنرل کو اس معاملے میں 10دن کے اندر ذاتی طور پر ایک حلف نامہ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

عدالت نے عبوری فیصلے کے تحت اے ایس آئی کو 30ستمبر تک احاطے کا سروے کرنے سے روکتے ہوئے معاملے کی سماعت کی اگلی تاریخ 12ستمبر طے کی ہے۔ واضح رہے کہ عدالت نے اپنے سابقہ عبوری فیصلے میں اے ایس آئی کو 30ستمبر تک مسجد احاطے کا سروے کرنے پر روک لگادیا تھا۔