شمالی بھارت

امرت پال سنگھ کی تلاش جاری

خالصتان نواز امرت پال سنگھ کے انکل اور ڈرائیور نے جالندھر پولیس کے سامنے سرینڈر کردیا جبکہ حکومت ِ پنجاب نے موبائل انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس سروس کی معطلی منگل کی دوپہر تک بڑھادی۔

چندی گڑھ: خالصتان نواز امرت پال سنگھ کے انکل اور ڈرائیور نے جالندھر پولیس کے سامنے سرینڈر کردیا جبکہ حکومت ِ پنجاب نے موبائل انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس سروس کی معطلی منگل کی دوپہر تک بڑھادی۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔

متعلقہ خبریں
مفرور امرت پال سنگھ نے ویڈیو جاری کیا

کٹر مبلغ کی تلاش پیر کو تیسرے دن میں داخل ہوگئی۔ ریاستی پولیس نے امرت پال سنگھ کو جلد ازجلد گرفتار کرنے کے لئے سیکوریٹی سخت کردی ہے۔ پولیس کے بموجب امرت پال سنگھ کے انکل ہرجیت سنگھ اور ڈرائیور ہری پریت سنگھ نے جالندھر میں اتوار کی رات دیر گئے ایک گردوارہ کے قریب خود کو پولیس کے حوالہ کردیا۔

ایس ایس پی جالندھر (رورل) سورندیپ سنگھ نے بتایا کہ امرت پال سنگھ کا تعاقب ہنوز جاری ہے۔ محکمہ داخلہ و انصاف کی طرف سے پیر کے دن جاری احکام میں کہا گیا کہ تمام موبائل انٹرنیٹ سرویسس (2G/3G/4G/5G/CDMA/GPRS) اور تمام ایس ایم ایس سرویسس (بینکنگ اور موبائل ری چارج شامل نہیں) اور موبائل نیٹ ورکرس پر تمام ڈونگل سرویسس سوائے وائس کال کی معطلی 21 مارچ کی دوپہر 12 بجے تک بڑھادی گئی ہے۔

براڈ بیانڈ سرویسس کو معطل نہیں کیا گیا تاکہ بینکنگ‘ ہاسپٹل اور دیگر ضروری خدمات متاثر نہ ہوں۔ اسی دوران پتہ چلا ہے کہ پولیس نے امرت پال سنگھ کی مرسڈیز ضبط کرلی ہے۔

اسی دوران پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ اس نے امرت پال سنگھ کی وارث پنجاب دے سے جڑے 5 افراد پر نیشنل سیکوریٹی ایکٹ (این ایس اے) لگادیا۔ چندی گڑھ میں میڈیا سے بات چیت میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب(ہیڈکوارٹرس) سکھ چین سنگھ گِل نے کہا کہ امرت پال سنگھ کو پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔