سوشیل میڈیاشمالی بھارت

مندر کے احاطہ میں متعدد افراد کنویں میں گر گئے، ویڈیو وائرل

مندر احاطے میں آنے والے عقیدت مند کنویں میں گرگئے۔ خدشہ ہے کہ کنویں کی گہرائی 30 فٹ سے زیادہ ہے۔ حالانکہ اس میں پانی کی مقدار نسبتاً کم ہے۔ کنویں میں سیڑھیاں اور رسیاں ڈال کر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

اندور/ بھوپال: اندور میں آج قدیم مندر کے احاطے میں بنی باوڑی (پرانا کنواں) کا پرانا ڈھانچہ گرنے سے کئی لوگ باوڑی میں گر گئے۔ دوپہر دو بجے تک دس افراد کو بحفاظت باہر نکال لیاگیا اور مزید نو افراد کو بچایا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں
آندھراپردیش کے ضلع پرکاشم میں تین منزلہ لاج کی عمارت منہدم

وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان خود واقعہ کی نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے بتایا کہ دس لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ مزید نو افراد کو بحفاظت نکالا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ مزید کچھ لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے اور انہیں بحفاظت نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

دریں اثنا، سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مقامی پٹیل نگر کے بیلیشور مہادیو مندر کے احاطے میں آج رام نومی کے موقع پرعقیدت مندوں کی کافی بڑی بھیڑ جمع ہوئی تھی۔ دوپہرمیں تقریباً 12 بجے کیمپس میں واقع پرانی باوڑی کے اوپر بنی چھت گرگئی۔

 اس وجہ سے مندر احاطے میں آنے والے عقیدت مند اس میں گرگئے۔ خدشہ ہے کہ کنویں کی گہرائی 30 فٹ سے زیادہ ہے۔ حالانکہ اس میں پانی کی مقدار نسبتاً کم ہے۔ کنویں میں سیڑھیاں اور رسیاں ڈال کر راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کنویں میں مزید کتنے لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ کی ترجیحات میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالنا ہے۔

اندور کے ڈویژنل کمشنر اور کلکٹر بھی ٹیم کے ساتھ موقع پر موجود ہیں۔ بحفاظت نکالے گئے افراد کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ مسٹر چوہان نے اندور کے سینئر عہدیداروں سے فون پر بات چیت کی اور انہیں راحت اور بچاؤ کے کاموں میں تیزی لانے کو کہا۔ وزیر اعلیٰ کا دفتر اندور ضلع انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

مسٹر چوہان نے میڈیا کو جاری ایک پیغام میں کہا کہ اب تک نکالے گئے تمام افراد محفوظ ہیں۔ انہین معمولی چوٹیں آئی ہیں اور انہیں موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ موقع پر ایمبولینس وغیرہ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس نے خدا سے دعا کی ہے کہ تمام لوگ بحفاظت باہر نکل آئیں۔