حیدرآباد

محکمہ برقی کے جدیدبلنگ ایپ سے مشکلات، نقائص کو دور کرنے اسد اویسی کا مطالبہ

اسد الدین اویسی نے کہا کہ اِس ایپ کے نقائص کو دور کیا جائے یا پہلے والے نظام کو ہی دوبارہ رائج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اِس جانب فوری توجہ دی جائے، بلوں کی اجرائی کے قدیم نظام کو بحال کیا جائے۔

حیدر آباد: صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی نے چیرمین و مینجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ برقی میں ایک نیا موبائیل ایپ ایس اے ایس اے متعارف کیا گیا ہے لیکن یہ صحیح ڈھنگ سے کام نہیں کررہا ہے۔

 اس کی وجہ سے میٹر ریڈرس کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ یہ ایپ بہت زیادہ پیچیدہ اور برابر کام نہیں کررہا ہے جس کے باعث غریب صارفین کو بہت زیادہ ماہانہ برقی بلز آرہے ہیں جو ناقابل برداشت ہیں۔ اِن بلوں کی ادائیگی غریب عوام سے ممکن نہیں ہے۔

اسد الدین اویسی نے کہا کہ اِس ایپ کے نقائص کو دور کیا جائے یا پہلے والے نظام کو ہی دوبارہ رائج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اِس جانب فوری توجہ دی جائے، بلوں کی اجرائی کے قدیم نظام کو بحال کیا جائے۔ نئے ایپ کے نقائص دور کئے جائیں اور اِس کو استعمال کے قابل بنایا جائے۔