شمال مشرق

غیرقانونی مقیم بنگلہ دیشیوں کو ریاست بدر کردیا جائے گا: چیف منسٹر گوا

کرایہ داروں کی جانچ پڑتال میں ناکام رہنے پر مکان داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے چیف منسٹر گوا پرمود ساونت نے آج کہا کہ ساحلی ریاست میں مقیم کئی بنگلہ دیشیوں کو ریاست بدر کردیا جائے گا۔

پنجی: کرایہ داروں کی جانچ پڑتال میں ناکام رہنے پر مکان داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیتے ہوئے چیف منسٹر گوا پرمود ساونت نے آج کہا کہ ساحلی ریاست میں مقیم کئی بنگلہ دیشیوں کو ریاست بدر کردیا جائے گا۔

گزشتہ دو ماہ کے دوران کرایہ داروں اور بیرونی شہریوں کی جانچ پڑتال کی مہم کے دوران گوا پولیس کے انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے ریاست میں غیرقانونی طور پر مقیم 22 بنگلہ دیشی شہریوں کی شناخت کی تھی اور کہا تھا کہ وہ ایسے مزید تارکین وطن کی تلاش میں ہیں۔

ساونت نے کہا کہ کرایہ داروں کی جانچ پڑتال کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ کئی افراد کے پاس ہمارے ملک کا مناسب پتہ نہیں ہے۔ وہ لوگ اسکراپ کا غیرقانونی کاروبار کررہے ہیں۔ وہ کرایہ کے کمروں میں رہتے ہیں اور بزنس چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے کرایہ داروں کے بارے میں جانچ پڑتال کرلیں۔ جو لوگ اپنا شناختی ثبوت دینے سے گریز کریں، وہ مختلف جرائم میں ملوث ہوسکتے ہیں، اسی لیے کمرے کرایہ پر دینے والوں کو پولیس سے ویریفکیشن کرانا چاہیے۔