شمال مشرق

آسام کے ٹاؤن سیوا ساگر میں درگا پوجا تہوار، ہندو مسلم بھائی چارگی کا مظاہرہ

جب مسجد میں نماز ادا کی جاتی ہے پوجا پنڈال کے لاؤڈ اسپیکر بند کردیے جاتے ہیں۔ پوجا پنڈال کے ایک منتظم سنجے پاریکھ نے بتایا کہ انہیں مسلم برادری سے بے حد مدد دستیاب ہے۔

گوہاٹی: آسام کے ٹاؤن سیوا ساگر میں ہندو اور مسلم فرقوں کے مابین فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا خوشگوار مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مسجد کے احاطہ کی دیوار سے متصل درگا پوجا پنڈال نصب کیا گیا۔ گزشتہ 62 سال سے چلایا جانے والا مقامی کلب نباجوکت درگا اتسو سمیتی قبل ازیں ٹاؤن کے کسی اور مقام پر پروگرام منعقد کرتا تھا، لیکن ٹاؤن میں جگہ کی قلت کے سبب منتظمین نے پوجا کے مقام کو تھانہ روڈ علاقہ کو منتقل کیا، جو قدیم بیوپاری پٹی مسجد سے متصل ہے۔

 مسجد کمیٹی کے صدر فرید الاسلام نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ کلب کے ارکان نے پہلے ایک مقامی پارک میں جگہ حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم انہیں جگہ نہ دستیاب نہ ہوسکی سکی۔ جب وہ پنڈال کو یہاں منتقل کرنے کا فیصلہ کیے، ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو علاقہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل کا اندیشہ ہوا۔

اس وقت اس کے والد مسجد کمیٹی کے صدر تھے انہوں نے دیگر افراد کے ساتھ ضلع انتظامیہ سے ملاقات کرکے اس تیقن کے ساتھ کہ دونوں برادریوں میں ہم آہنگی میں خلل پیدا نہ ہوگا، درگا پوجا وہیں منعقد کرنے پر زور دیا۔ مسلم برادری کے سرگرم تعاون اور بھائی چارگی کے ماحول میں مسجد کی احاطہ کی دیوار کے ساتھ درگا پوجا تقریب شروع کی گئی۔

 جب مسجد میں نماز ادا کی جاتی ہے پوجا پنڈال کے لاؤڈ اسپیکر بند کردیے جاتے ہیں۔ پوجا پنڈال کے ایک منتظم سنجے پاریکھ نے بتایا کہ انہیں مسلم برادری سے بے حد مدد دستیاب ہے۔ وہ درگا کی مورتیوں کو لے جانے میں سرگرم حصہ لیتے ہیں اور وسرجن کے دوران بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔