آندھراپردیش

ایم پی کے سل فون کی چوری، خاتون کے مکان کی تلاشی

آندھراپردیش کی حکمراں جماعت وائی ایس آرکانگریس کے رکن پارلیمنٹ ایم بھرت کے سل فون کی چوری کے الزام میں پولیس نے ایک خاتون کے مکان پہنچ کر مکان کی تلاشی لی۔

حیدرآباد: آندھراپردیش کی حکمراں جماعت وائی ایس آرکانگریس کے رکن پارلیمنٹ ایم بھرت کے سل فون کی چوری کے الزام میں پولیس نے ایک خاتون کے مکان پہنچ کر مکان کی تلاشی لی۔

ریاستی وزیر سیاحت روجا کو وداع کرنے کیلئے رکن پارلیمنٹ ایرپورٹ پر پہنچے تھے جہاں انہوں نے رکن اسمبلی جے راجہ کے ساتھ مل کرڈواکرا پراڈکٹس کا معائنہ کیا۔اسی دوران ایک خاتون نے رکن پارلیمنٹ کے ساتھ سیلفی لی۔

لوک سبھا میں راجمندر حلقہ کی نمائندگی کرنے والے بھرت نے پولیس سے شکایت کی تھی کہ اس خاتون کی جانب سے ان کے ساتھ لی گئی سیلفی کے بعد ان کا فون چوری ہوگیا۔

اس شکایت کے بعد پولیس نے خاتون کے مکان پہنچ کر تلاشی لی۔سریشانامی اس خاتون نے الزام لگایا کہ سادہ کپڑوں میں پولیس نے اس کے مکان پہنچ کراس کی تلاشی لی اور سارے سامان کو بکھیردیاتاہم ان کو مسروقہ سل فون نہیں ملا جس کے بعد پولیس نے ان سے معافی مانگ لی اور وہاں سے چلی گئی۔

سریشا نے نامناسب رویہ اختیار کرنے پر سب انسپکٹر کو معطل کرنے کامطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ پہلے واٹس اپ لوکیشن بھیجنے کی خواہش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پانچ ملازمین پولیس بشمول خاتون ملازمین نے ان کے گھر کی تلاشی لی۔ایک ملازم پولیس یونیفارم میں تھا۔انہوں نے ان سے انصاف کرنے کا جگن موہن ریڈی سے مطالبہ کیا۔