آندھراپردیش

اے پی میں سابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کی برسی تقاریب، جگن کا خراج

چیف منسٹر جگن نے ضلع کڑپہ کے ایڈولا پایا کے مقام پر وائی ایس آر گھاٹ پر منعقدہ دعائیہ اجتماع میں شرکت کی اور اپنے والد کو گلہائے خراج پیش کیا۔

امراوتی: آندھرا پردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے خاندان کے افراد کے ساتھ متحدہ ریاست اے پی کے سابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کو آج ان کی 13 ویں برسی کے موقع پر بھر پور خراج پیش کیا۔ چیف منسٹر جگن نے ضلع کڑپہ کے ایڈولا پایا کے مقام پر وائی ایس آر گھاٹ پر منعقدہ دعائیہ اجتماع میں شرکت کی اور اپنے والد کو گلہائے خراج پیش کیا۔

 جگن کی والدہ وائی ایس وجیہ اماں، اہلیہ بھارتی ریڈی، رشتہ دار، بہی خواہاں، پارٹی قائدین اور دیگر اس دعائیہ اجتماع میں شریک تھے۔ ٹوئٹر پر چیف منسٹر جگن نے کہا کہ ”اگر جبکہ میرے والد، جسمانی طور پر ہمیں چھوڑ کر لافانی دنیا میں چلے گئے ہیں، مگر ان کی پر جوش مسکراہٹ اور ان کی خوشگوار، یادیں ہمیشہ ہمارے ساتھ ہیں“۔

انہوں نے ملک میں پہلی بار عوامی بہبود اسکیمات کو متعارف کراتے ہوئے یہ ثابت کردیا کے عوامی امنگوں کو پورا کرنا اور ان کے توقعات پر پورا اترنا ہی حقیقی حکمرانی ہے۔ جگن نے کہا کہ میری حکومت، راج شیکھر ریڈی کے نقش قدم پر چلتی رہے گی۔

 ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی، متحدہ ریاست اے پی میں کانگریس کے غیر متنازعہ قائد رہے تھے۔ ان کی قیادت میں کانگریس پارٹی نے 2004 اور 2009 کے انتخابات میں دوبار کامیابی حاصل کی تھی تاہم راج شیکھر ریڈی نے اپنی حکومت کی دوسری میعاد مکمل نہیں کرپائے تھے۔

بحیثیت چیف منسٹر ان کی موت ایک ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہوئی تھی۔ والد (وائی ایس آر) کی موت کے بعد ان کے فرزند جگن کو چیف منسٹر بنانے سے کانگریس قیادت نے انکار کردیا تھا جس کے بعد جگن نے اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس سے علیحدہ ہو کر وائی ایس آر سی پی جماعت کی داغ بیل ڈالی اور انہوں نے 2019 کے اسمبلی انتخابات (منقسمہ اے پی) میں کامیابی حاصل کی تھی۔