حیدرآباد

تلگواداکار مہیش بابو کے مکان میں داخل ہونے کی کوشش، ایک شخص زخمی

پولیس کی جانچ میں پتہ چلا کہ یہ شخص تین دن پہلے اوڈیشہ سے حیدرآباد آیا تھااوراداکار کے گھر کے قریب نرسری میں کام کرتا تھا۔ پولیس نے کہاکہ اس شخص کے روبہ صحت ہونے کے بعد اس سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

حیدرآباد: تلگوفلموں کے مشہور اداکارمہیش بابو کے مکان میں ایک نوجوان نے دیوار پھاند کر داخل ہونے کی کوشش کی جس میں وہ زخمی ہوگیا۔یہ واقعہ شہرحیدرآباد کے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن کے حدود میں کل شب پیش آیا۔اس شخص کی شناخت 30سالہ کرشنا کے طورپر کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق دس فیٹ اونچی دیوار سے کودنے کی کوشش میں وہ زخمی ہوگیا۔اس کے گرنے کی آواز سے اداکار کے مکان پر تعینات سیکوریٹی گارڈس چوکس ہوگئے جنہوں نے وہاں پہنچ کردیکھا تو یہ زخمی شخص پایاگیا۔

اس بات کی اطلاع فوری طورپرپولیس کو دی گئی۔بعد ازاں پولیس نے وہاں پہنچ کر زخمی شخص کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا۔پولیس کی جانچ میں پتہ چلا کہ یہ شخص تین دن پہلے اوڈیشہ سے حیدرآباد آیا تھااوراداکار کے گھر کے قریب نرسری میں کام کرتا تھا۔ پولیس نے کہاکہ اس شخص کے روبہ صحت ہونے کے بعد اس سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔