آندھراپردیش

پولیس کو گمراہ کرنے پر لڑکی اور اس کے شوہر کیخلاف مقدمہ درج

سائی پریہ، 25جولائی کو وشاکھاپٹنم کے مشہور آرکے بیچ سے لاپتہ ہوگئی تھی جس کے بعد اس کے عاشق نے پولیس میں اس کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی۔

حیدرآباد: اے پی کی وشاکھاپٹنم پولیس نے ایک لڑکی اور اس کے عاشق کے خلاف معاملہ درج کیا ہے جنہوں نے پولیس اور دیگر کو گمراہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق 21سالہ سائی پریہ،روی تیجانامی لڑکے سے محبت کرتی تھی۔ سائی پریہ، 25جولائی کو وشاکھاپٹنم کے مشہور آرکے بیچ سے لاپتہ ہوگئی تھی جس کے بعد اس کے عاشق نے پولیس میں اس کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی۔

تاہم اس کی دو دن تک تلاش کے باوجود لڑکی کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ اس تلاش میں ہندوستانی بحریہ اور انڈین کوسٹ گارڈس کا بھی تعاون حاصل کیا گیا تھا جنہوں نے دن رات اس لڑکی کو تلاش کیا۔

 بعد ازاں سائی پریہ نے یہ اطلاع دی کہ اس نے روی تیجا کے ساتھ شادی کرلی ہے اوروہ اسی کے ساتھ ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی بحریہ اور انڈین کوسٹ گارڈ نے خلیج بنگال میں اس لڑکی کو تلاش کرنے کیلئے چلائی گئی مہم پر ایک کروڑروپئے سے زائد کی رقم خرچ کی۔

اب پولیس نے اسے گمراہ کرنے پر عدالت کی اجازت کے بعد سائی پریہ اور اس کے شوہر کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔