آندھراپردیش

مریض کو لے جانے والی ایمبولنس میں لگی آگ

اس واقعہ کے نتیجہ میں وہاں رکھاتمباکو جل کرمکمل طورپر خاکستر ہوگیا۔اس شیڈ کے قریب ٹہرا ہوا ایک شخص بھی جھلس گیا جس کو علاج کے لئے فوری طورپراسپتال منتقل کردیاگیا۔

حیدرآباد: مریض کو لے جانے والی ایمبولنس میں آگ لگ گئی اور اس کا ایک جلا ہوا حصہ قریبی شیڈ پر گرپڑا جس کے نتیجہ میں وہاں رکھا 40لاکھ روپئے کا تمباکو جل کر خاکستر ہوگیا۔یہ واقعہ آندھراپردیش کے ضلع پرکاشم میں کل شب پیش آیا۔

متعلقہ خبریں
وزیر جوپلی کرشنا راو نے ایک شخص کو اسپتال پہنچایا
مریض کے گردوں سے 418 کنکریاں نکالی گئیں، ڈاکٹروں کا کارنامہ
پیوندکاری کے لئے پھیپھڑے لے جانے والی ایمبولنس حادثہ کا شکار، طبی ٹیم کی بروقت کارروائی

تفصیلات کے مطابق 108ایمبولنس، راجہ صاحب پیٹ گاوں سے ایک مریض کو ڈائلاسس کے لئے اسپتال لے جارہی تھی، کچھ فاصلہ طئے کرنے کے بعد ڈرائیور تروپتی راو نے کیبن میں دھواں محسوس کیا جس کے بعد اس نے فوری طورپر ایمبولنس کو روک دیا اور اپنے ساتھی مدھوسدن ریڈی کو چوکس کیا جس نے مریض اور اس کی ماں کو ایمبولنس سے نیچے اترنے میں مدد کی۔

اس کے ساتھ ہی آگ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس آگ نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اس میں رکھا آکسیجن سلنڈر بھی پھٹ پڑااور اس کے اثر سے گاڑی کا جلا ہوا حصہ قریبی شیڈ میں گرپڑا جہاں پر کسانوں نے تمباکو رکھا تھا۔

اس واقعہ کے نتیجہ میں وہاں رکھاتمباکو جل کرمکمل طورپر خاکستر ہوگیا۔اس شیڈ کے قریب ٹہرا ہوا ایک شخص بھی جھلس گیا جس کو علاج کے لئے فوری طورپراسپتال منتقل کردیاگیا۔

اس واقعہ کے نتیجہ میں مقامی افراد خوفزدہ ہوگئے۔فائربریگیڈ نے اطلاع پر وہاں پہنچ کر آگ پر قابو پایا تاہم تب تک ایمبولنس جل کر خاکستر ہوگئی تھی اور تمباکو کا مکمل اسٹاک بھی آگ کی نذرہوگیا تھا۔

اس شیڈ میں تمباکو رکھنے والے کسانوں نے کہا کہ انہیں تقریبا 40لاکھ روپئے کا نقصان اٹھانا پڑا۔پولیس نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی گئی ہے۔