دہلی

اقبال حسین، جامعہ ملیہ کے نئے کارگزار وائس چانسلر مقرر

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پرو وائس چانسلر اقبال حسین نے پیر کو یونیورسٹی کے کارگزار وائس چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا کیوں کہ جامعہ کی پہلی خاتون وائس چانسلر نجمہ اختر کی میعاد ختم ہوگئی۔

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پرو وائس چانسلر اقبال حسین نے پیر کو یونیورسٹی کے کارگزار وائس چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا کیوں کہ جامعہ کی پہلی خاتون وائس چانسلر نجمہ اختر کی میعاد ختم ہوگئی۔

حسین‘ اس عہدہ پر باضابطہ تقرر تک کارگزار وائس چانسلر رہیں گے۔ اختر کو اپریل 2019ء میں پانچ برسوں کے لیے جامعہ ملیہ اسلامیہ کا وائس چانسلر مقرر کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ پروفیسر نجمہ اختر کی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر کے طور پر12/ نومبر2023ء کو میعاد کی تکمیل کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ قانون1998 کی دفعہ 2(6) کے تحت 13/ نومبر2023 سے پرو وائس چانسلر پروفیسر اقبال حسین وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے فرائض انجام دیں گے۔

وہ نئے وائس چانسلر کے انتخاب تک اس عہدہ پر برقرار رہیں گے۔“ حسین کو ستمبر میں پرو وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پی ایچ ڈی ہیں۔

انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایل ایل ایم، ایل ایل بی اور بی ایس سی کیا۔ حسین نے 1990ء میں نیشنل لا اسکول آف انڈیا یونیورسٹی، بنگلورو سے بطور ریسر چ اسوسی ایٹ اپنے تدریسی کیریئر کا آغاز کا تھا۔ وہ جامعہ ہمدرد، زنزیبار یونیورسٹی تنزانیہ میں بھی تدریسی خدمات انجام دے چکے ہیں۔