آندھراپردیش

اے پی: سیکوریٹی گارڈس نے فلمی انداز میں تعاقب کرکے مغویہ کو رہا کرالیا

وہ نوزائیدہ کو اپنے ساتھ لے گئی اور جب کچھ دیر بعد وہ واپس نہیں پہنچی تونوزائیدہ کی ماں نے اس بات کی شکایت سیکوریٹی اہلکاروں سے کی جنہوں نے فوری چوکسی کامظاہرہ کیا۔

حیدرآباد: آندھراپردیش میں 8دن کی نوزائیدہ کے اغوا کامعاملہ حل کرتے ہوئے اس لڑکی کو محفوظ طور پر اس کی ماں کے حوالے کردیا گیا۔ یہ واقعہ ضلع کڑپہ کے رمس اسپتال میں پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کے کملاپورم منڈل کے چنا چیپلی علاقہ کی خاتون نے اس اسپتال میں لڑکی کو جنم دیا۔ اکایا پلی سے تعلق رکھنے والی سونی نامی خاتون نے میٹرنٹی وارڈ پہنچ کر نوزائیدہ کی ماں کو بہلا پھسلا کر اس نوزائیدہ کا اغوا کرلیا۔

یہ خاتون برقعہ پہن کر وارڈ میں آئی تھی اور اس نے پلاسٹک کا کور لگاتے ہوئے خود کے حاملہ ہونے کا بہانہ کیا۔

وہ نوزائیدہ کو اپنے ساتھ لے گئی اور جب کچھ دیر بعد وہ واپس نہیں پہنچی تونوزائیدہ کی ماں نے اس بات کی شکایت سیکوریٹی اہلکاروں سے کی جنہوں نے فوری چوکسی کامظاہرہ کیا۔

یہ خاتون آٹو میں اسپتال سے روانہ ہوئی تھی تاہم سیکوریٹی اہلکاروں نے تقریبا سات کلومیٹر تک اس کا بائیک پر تعاقب کیا اور بالاخر اس کو روکتے ہوئے اس کو پکڑ لیااور نوزائیدہ کو حاصل کرکے اس کو محفوظ طورپر اس کی حقیقی ماں کے حوالے کردیا۔