آندھراپردیش

شادی سے انکار، ایم بی بی ایس طالبہ کا گلا کاٹ کر عاشق کا اقدام خودکشی

اسی دوران برہمی کے عالم میں اس نے سرجیکل بلیڈ سے لڑکی پر اچانک حملہ کرتے ہوئے اس کا گلا کاٹ دیا اور بعد ازاں اپنے ہاتھوں کی رگوں کوکاٹ کر خودکشی کی کوشش کی۔

حیدرآباد: شادی سے انکار پر ایک برہم عاشق نے ایم بی بی ایس کی طالبہ کا گلا کاٹ دیا اور پھر اپنے ہاتھ کی رگیں کاٹتے ہوئے خودکشی کی کوشش کی۔

آندھراپردیش کے ضلع گنٹور میں پیش آئے اس خوفناک واقعہ نے علاقہ تکے لاپوڈو میں سنسنی پھیلا دی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کرشنا کے کرشناپورم سے تعلق رکھنے والی تپسوی نامی لڑکی اور ملزم گیانیشور ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے۔ لڑکا سافٹ ویر انجینئر ہے۔ ان دونوں میں اختلافات ہوگئے جس کے نتیجہ میں لڑکی نے اس سے دوری اختیار کرلی۔

اس کے بعد سے ملزم اس سے شادی کرنے کیلئے اصرارکرنے لگا تاہم لڑکی نے شادی کی پیشکش کو ٹھکرادیا۔

یہ طالبہ اپنی سہیلی کے کمرہ میں مقیم تھی۔ شادی سے انکار پر گیانیشور اس کی سہیلی کے مکان پہنچا اور لڑکی کے ساتھ اس کی بحث وتکرار ہوگئی۔

اسی دوران برہمی کے عالم میں اس نے سرجیکل بلیڈ سے لڑکی پر اچانک حملہ کرتے ہوئے اس کا گلا کاٹ دیا اور بعد ازاں اپنے ہاتھوں کی رگوں کوکاٹ کر خودکشی کی کوشش کی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے زخمی طالبہ کو علاج کے لئے اسپتال پہنچایا تاہم راستہ میں ہی اس کی موت ہوگئی۔ ملزم کو پولیس کے حوالے کردیاگیا۔ پولیس نے بتایا کہ تقریبا دو سال سے یہ دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے تھےاور ایک ماہ سے ان دونوں میں کافی اختلافات ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق لڑکے کی حالت خطرہ سے باہر ہے۔