آندھراپردیش

ایم آرپی ایس کا احتجاج پرتشدد۔ سنگباری میں کانسٹبل زخمی

شیڈول کاسٹ(ایس سی)طبقہ کی درجہ بندی کے مطالبہ پر مادیگاریزرویشن پوراٹا سمیتی (ایم آرپی ایس) کی جانب سے پیر کے روزمنظم کردہ احتجاج پرتشددہوگیا اور سنگباری میں پولیس کاایک ملازم زخمی ہوگیا۔

وجئے واڑہ: شیڈول کاسٹ(ایس سی)طبقہ کی درجہ بندی کے مطالبہ پر مادیگاریزرویشن پوراٹا سمیتی (ایم آرپی ایس) کی جانب سے پیر کے روزمنظم کردہ احتجاج پرتشددہوگیا اور سنگباری میں پولیس کاایک ملازم زخمی ہوگیا۔

ایس سی طبقہ کی زمرہ بندی کے بل کوپارلیمنٹ میں پیش کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے سمیتی کے کارکن‘وجئے واڑہ اور حیدرآبادقومی شاہراہ پر اکھٹاہوگئے ان کا مقصداس مصروف ترین شاہراہ کوروکنا تھا۔

بیسوں احتجاجیوں نے جن کے ہاتھوں میں پرچم تھے اور نعرے لگارہے تھے‘توٹاچرلہ کے مقام پر قومی شاہراہ پر ٹرافک کوروک دیا جس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی تاکہ احتجاجیوں کوہٹاتے ہوئے شاہراہ کو دوبارہ کھولاجاسکے۔

پولیس کے حرکت میں آنے کے بعد دونوں طرف سے دھکم پیل شروع ہوگئی جس کے نتیجہ میں حالات کشیدہ ہوگئے۔ چنداحتجاجیوں نے سنگباری کی جس کے سبب ایک پولیس کانسٹبل زخمی ہوگیا۔کانسٹبل کے سرپر چوٹیں آئیں جنہیں فوری نندی گاما کے سرکاری ہاسپٹل لے جایاگیا۔ کئی احتجاجیوں کوگرفتارکرنے کے بعدانہیں پولیس اسٹیشن منتقل کردیاگیا۔

بتایاجاتاہے کہ پولیس نے مواضعات میں کئی مکانات میں داخل ہوئی تاکہ سنگباری واقعہ ملوث عناصر کوگرفتار کیاجاسکے جس کے نتیجہ میں مقامی افراد نے شدید احتجاج کیا۔ دریں اثناء حیدرآباد میں ایم آر پی ایس کے بانی وصدرمنداکرشنا مادیگا کوگھر پر نظربندکردیاگیا۔

پولیس نے شہر کے عنبرپیٹ علاقہ میں مکان سے کرشنا مادیگا کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی۔ ایم آر پی ایس‘ مرکز سے پارلیمنٹ میں ایس سی طبقہ کی زمرہ بندی (اس طبقہ کواے‘بی‘سی اورڈی گروپ میں تقسیم کرنے کا مطالبہ) کابل متعارف کرانے کا طویل عرصہ سے مطالبہ کرتی آرہی ہے۔