آندھراپردیش

نائیڈو نے متنازعہ جی او کی کاپیاں آگ کے حوالے کردی

حکومت نے سڑکوں پر جلسوں پر روک لگاتے ہوئے جی او نمبر ایک جاری کیا تھا۔ حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے اس”غیر جمہوری“اقدام کے خلاف نائیڈو اور ٹی ڈی پی کے دیگر قائدین نے انوکھا احتجاج منظم کیا۔

امراوتی: تلگودیشم پارٹی کے صدر وسابق چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے ہفتہ کے روز متنازعہ جی او کی نقولات کو بھوگی کی آگ کے حوالہ کردیا۔ سنکرانتی تقاریب کے دوران چندرا بابو نائیڈو نے ضلع چتور کے اپنے آبائی گاؤں نارا واری پلے میں جی او نمبر ایک کی کاپیوں کو نذر آتش کردیا۔

متعلقہ خبریں
صدر ٹی ڈی پی چندرا بابو کی درخواست پر سپریم کورٹ کا منقسم فیصلہ
کرناٹک قانون ساز کونسل میں متنازعہ مندر ٹیکس بل کو شکست
حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے انتخابات
ٹی ڈی پی نے چندرا بابو کی گرفتاری پر مودی سے مداخلت کی درخواست کی
اسمبلی انتخابات: چندرابابو نائیڈو کی پون کلیان سے ملاقات

حکومت نے سڑکوں پر جلسوں پر روک لگاتے ہوئے جی او نمبر ایک جاری کیا تھا۔ حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے اس”غیر جمہوری“اقدام کے خلاف نائیڈو اور ٹی ڈی پی کے دیگر قائدین نے انوکھا احتجاج منظم کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعروں کے درمیان بھوگی کے روایتی الاوا میں متنازعہ جی او کی کاپیوں کو نذرآتش کردیا۔

 عوام کی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت نے 2جنوری کو سڑکوں پر ریالیوں اور جلسوں پر امتناع عائد کرتے ہوئے جی او جاری کیا تھا۔ ضلع نیلور کے کندکور میں 28 دسمبر کو نائیڈو کے روڈ کے دوران پیش آئے بھگدڑ واقعہ کے بعد حکومت نے یہ جی او جاری کیا تھا۔

 ریاست کی اپوزیشن جماعتوں نے اس جی او کی مخالفت کی اور ریاستی حکومت سے فوری اثر کے ساتھ جی او کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے 23 جنوری تک اس متنازعہ جی او کو معطل کردیا۔ دریں اثنا چندرا بابو نائیڈو نے افراد خاندان کے ساتھ اپنے گاؤں میں سنکرانتی تقاریب میں شرکت کی۔

 انہوں نے تلگوکی دونوں ریاستوں کے عوام کو سنکرانتی کی مبارکباد دی۔ بعدازاں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ سنکرانتی، تلگو عوام کا بڑا تہوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی سے قبل اور پارٹی کے ابھر نے کے بعد تلگو عوام کی زندگیوں کو دیکھنا چاہئے۔

 پوٹی سری راملو نے تلگو ریاست کے قیام کو یقینی بنایا اور این ٹی راما راؤ نے تلگو عوام کو عزت واحترام کا مقام عطا کیا۔ نوجوان، ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ آئی ٹی شعبہ کو فروغ دینے کے بہتر نتائج سامنے آر ہے ہیں۔ چند قائدین آج کا سوچتے ہیں جبکہ چند قائدین اپنے مستقبل کی فکر کرتے ہیں۔

جبکہ وہ (نائیڈو) ہمیشہ نوجوانوں کے مستقبل کے بارے میں سوچتے ہیں نائیڈو نے ریاست میں سڑکوں کی خراب حالت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان سڑکوں پر سفر کرنے کے بعد جسم درد ہونے لگتا ہے چونکہ عوام کی خاطر ان کے لئے مسلسل سفر کرنا پڑتا ہے۔ ریاست کی غیر دانش مندانہ حکومت سے عوام کے تمام طبقات کو مسائل کا سامنا ہے۔