حیدرآباد

تلنگانہ میں اتوار کو شجرکاری پروگرام، عوام بڑے پیمانے پر پودے لگائیں: ہریش راؤ

شہر میں جمعرات کے روز نیکلس روڈ پر12واں گرانڈ نرسری میلہ کا افتتاح کرنے کے بعد ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ عوام کو اپنے خاندان کے مرحوم افراد کے نام سے پودے لگانا چاہئے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت وبہبود خاندان و فینانس ٹی ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کے حصہ کے طور پر اتوار21/ اگست کو منعقد شدنی ہریتا ہارم پروگرام میں کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر پودے لگائیں۔

شہر میں جمعرات کے روز نیکلس روڈ پر12واں گرانڈ نرسری میلہ کا افتتاح کرنے کے بعد ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ عوام کو اپنے خاندان کے مرحوم افراد کے نام سے پودے لگانا چاہئے۔ یہ سرکاری میلہ22/ اگست تک جاری رہے گا۔ جس میں ملک کی تمام ریاستوں کے140 اسٹالس لگائے گئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ نرسری میلہ کے لگانے پر انہیں بے حد مسرت ہورہی ہے۔ راؤ نے کہا کہ دونوں شہر کے عوام کیلئے یہ ایک بہترین موقع ہے اور ایسے افراد جو اپنے گھروں، ٹریس (چھتوں)، کچن اور ورٹیکل گارڈن لگانے کیلئے خواہش مند ہیں، کیلئے یہ پلاٹ فارم (نرسری میلہ) انہتائی کارآمد اور مدد گار ثابت ہوگا۔

نرسریوں میں پودوں کے مختلف النواع اور کرافیڈ پودوں کے کئی اقسام دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے علاقوں کی نرسریوں میں اعلیٰ درجہ کے پودے دستیاب ہیں۔ ان نرسریوں کی مدد سے قصبوں اور ٹاونس میں گنے (شوگر کین) کی کاشت کے رقبہ میں اضافہ کیا جاسکے گا۔ علاوہ ازیں یہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے بھی مفید ثابت ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت، نرسریوں کو بھی فروغ دے رہی ہے۔ ماضی میں نرسریوں کے بارے میں کسی کو علم نہیں تھا۔ ان نرسریوں میں کئی بہتر اقسام کے پودے دستیاب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تشکیل تلنگانہ سے قبل اس حلقہ اور اس کے عوام کو نرسری کے بارے میں کچھ علم نہیں تھا۔ سابق حکومتیں تخم ریزی کی تصاویر تک محدودتھیں۔

 ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت، گرین ٹیکس ادا کرتے ہوئے فطری (نیچرل) جنگلات کی کاشت میں تعاون کررہی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کے آئیڈیا کے مطابق حکومت نے ریاست کے تمام12751 مواضعات میں رورل نیچر فاریسٹس کے نام پر نرسریاں قائم کرچکی ہیں اور یہ کام تلنگانہ ہریتا ہارم کے حصہ کے طور پر انجام دیا جارہا ہے۔

 ریاست میں سبزہ کے رقبہ کو فروغ دینے کیلئے بجٹ میں فنڈس بھی مختص کئے جارہے ہیں۔ ریاست میں سبزہ(جنگلات) کے رقبہ کو24 فیصد بڑھا کر 33فیصد کردیا گیا ہے۔ ریاست میں سبزہ کا احاطہ7.61 سے بڑھا کر31.6 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے۔

یہ اعداد وشمار مرکزی حکومت کے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو یاد رکھتے ہوئے ہمیں شجر کاری کرنی چاہئے۔ وزیر نے کہا کہ جنگلات کو زندہ کیا گیا ہے اب ہر ایک شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنگلات کا تحفظ کریں۔ بہتر ماحول اور صحت کیلئے ہر گھر میں پودے لگائیں۔