حیدرآباد

حیدرآباد میں تلنگانہ بچاؤ جلسہ عام: پروفیسر کودنڈا رام

صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر ایم کودنڈا رام نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ صرف کے سی آر کے ذریعہ ممکن نہیں ہوا بلکہ سارے تلنگانہ کے عوام کی متحدہ جدوجہد کے نتیجہ میں خوابوں کی ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی ہے۔

حیدرآباد: صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر ایم کودنڈا رام نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ صرف کے سی آر کے ذریعہ ممکن نہیں ہوا بلکہ سارے تلنگانہ کے عوام کی متحدہ جدوجہد کے نتیجہ میں خوابوں کی ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی ہے۔

آج حضور آباد میں تلنگانہ بچاؤ جلسہ عام کے پوسٹرس جاری کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملین مارچ کے جذبہ سے 10 مارچ کو حیدرآباد میں تلنگانہ بچاؤ جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔

اس جلسہ کے ذریعہ حاصل ہونے والی تجاویز کی بنیاد پر مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک تلنگانہ میں پیش پیش رہے افراد، تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی کا خواب دیکھنے والوں کو اس جلسہ عام میں شرکت کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کس طرح اقتدار کا غلط ا ستعمال کررہی ہے، اس کا دہلی شراب اسکام کے ذریعہ واضح ہوچکا ہے۔ اس اسکام میں اپنے حصہ کیلئے ایک سیاسی خاندان مسلسل کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی آر ایس قائدین کو اراضیات پر غیر مجاز قبضہ کرنے کا موقع فراہم کرنے کے خاطر دھرانی پورٹل بنایا گیا۔ انہوں نے کے سی آر سے جاننا چاہا کہ تحریک کے دوران ان کے نظریات کیا تھے اور اب وہ کیا کررہے ہیں؟۔