حیدرآبادسوشیل میڈیا

دونوں شہروں میں شب معراج کا خشوع وخضوع کیساتھ اہتمام

دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں آج شب معراج النبیؐ کا خشوع وخضوع کے ساتھ اہتمام کیاگیا۔مساجد میں رات بھر خصوصی عبادتوں‘تلاوت قرآن‘ذکر واذ کر کار کا اہتمام کیا گیا۔فضائل شب معراج کے جلسے ومحافل منعقد کئے گئے۔

حیدرآباد: دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں آج شب معراج النبیؐ کا خشوع وخضوع کے ساتھ اہتمام کیاگیا۔مساجد میں رات بھر خصوصی عبادتوں‘تلاوت قرآن‘ذکر واذ کر کار کا اہتمام کیا گیا۔فضائل شب معراج کے جلسے ومحافل منعقد کئے گئے۔

سب سے بڑا اجتماع تاریخی مکہ مسجد میں دیکھا گیاجہاں حافظ وقاری امام مکہ مسجد عبدالعلی صدیقی نے نماز عشاء کی امامت کی۔ ہزاروں فرزندان توحید نے نمازعشاء ادا کی۔ شہر کی مختلف مساجداورکئی مقامات پر جلسہ ہائے شب معراج النبیؐ منعقد کئے گئے۔ مسجد چوک میں بعدنمازعشاء قدیم مرکزی جلسہ معراج النبیؐ منعقد کیاگیا۔

جلسہ سے مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفرپاشاہ نے فضائل شب معراج پر تفصیلی خطاب کیا۔ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی جانب سے چنچل گوڑہ جونیئر کالج گراؤنڈپر انٹرنیشنل معراج النبیؐ کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایاگیا۔مہمان مقرر مولانا شفیق اللہ چترویدی (نیپال)‘ مولانا احمد رضا منظری (بریلی شریف)‘مفتی محمدمنظور ضیائی (ممبئی) کے علاوہ مقامی علماء اکرام نے اپنے خطاب سے فرزندان توحید کے دلوں کو ایمان کی روشنی سے منور کردیااورعامتہ المسلمین کوقرآن وسنت پرعمل پیراہونے کی تلقین کی۔

شب معراج کادوسرا جلسہ کل ہندبزم رحمت عالم کی جانب سے قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں منعقدہوا۔جلسہ سے مہمان عالم دین مولانا محمد شاہ احمد نقشبندی الجنیدی‘مفتی شمیم الزماں قادری‘ مولانا عبدالستارمظہری‘مفتی محمد احمد مصباحی اشرفی ودیگر علما ء نے شب معراج کے فضائل بیان کرتے ہوئے مسلمانوں کو نمازوں کا اہتمام کرنے کی تلقین کی۔

کل ہندمجلس تعمیرملت کی جانب سے مسجد عالمگیر میرپیٹ اور مسجد محمدیہ کرشنا نگر میں جلسہ ہائے معراج النبیؐ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ شاہی مسجدباغ عامہ میں سینکڑوں مسلمانوں نے نمازعشاء ادا کی۔ امام وخطیب حافظ وقاری مولانا احسن محمد الحمومی نے امامت کی۔ بعد نمازعشاء انہوں نے فضائل شب معراج بیان کئے۔ شب معراج کے ضمن میں تاریخی مکہ مسجد‘شاہی مسجد‘ مسجدچوک‘جامع مسجد افضل گنج ودیگر مساجد کو برقی قمقموں سے سجایاگیاتھا۔ہر طرف روح پرور مناظر دیکھے گئے۔