حیدرآباد

راجہ سنگھ کی اسمبلی رکنیت برخاست کرنے شرمیلا کا مطالبہ

شرمیلا نے کہا کہ مختلف تہذیبوں اور مذاہب کا گلدستہ تلنگانہ میں امن وآمان برقرار رہتا ہوا دیکھنا بی جے پی کو پسند نہیں ہے۔ راجہ سنگھ کے رویہ نے پھر ایک بار یہ ثابت کردیا کہ بی جے پی مذہبی منافرت پھیلا نے والی جماعت ہے۔

حیدرآباد: صدر وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی، وائی ایس شرمیلا نے اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی سے بی جے پی سے معطل رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی رکنیت بر خاست کرنے کا مطالبہ کیا۔ آج محبوب نگر کے پیبر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام میں نفرت کی دیوار کھڑے کرتے ہوئے بی جے پی سطحی سیاست کررہی ہے۔

شرمیلا نے کہا کہ مختلف تہذیبوں اور مذاہب کا گلدستہ تلنگانہ میں امن وآمان برقرار رہتا ہوا دیکھنا بی جے پی کو پسند نہیں ہے۔ راجہ سنگھ کے رویہ نے پھر ایک بار یہ ثابت کردیا کہ بی جے پی مذہبی منافرت پھیلا نے والی جماعت ہے۔ صدر بی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے کمار نے بھی حالیہ عرصہ کے دوران متنازعہ بیان دیا تھا۔

 سنجے نے مساجد کی کھدائی کرنے کے متعلق بیان دیتے ہوئے اپنی گندی ذہنیت کو ظاہر کیا تھا۔ اگر ان کے خلاف اُس وقت ہی کارروائی کی گئی ہوتی تو حالات یہاں تک نہیں پہنچتے۔

انہوں نے گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن سے بھی خواہش کی کہ وہ راجہ سنگھ کے مسئلہ پر توجہ دیں ۔شرمیلا نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ راجہ سنگھ کی بکواس کے پس پردہ کے سی آر ہیں۔ اور ٹی آر ایس سے ان الزامات پر وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا۔