حیدرآباد

سعودی میں نئی ملازمت جوائن کرنے سے چند گھنٹے قبل حیدرآبادی نوجوان کی موت

محمد مجاہد علی اتوار کو دارالحکومت ریاض کے ضلع مارفوہ میں اپنی رہائش گاہ میں مردہ دستیاب ہوئے۔ وہ اتوار سے ایک نئی کمپنی جوائن کرنے والے تھے۔ تاہم، وہ صبح کے وقت ریاض میں اپنے گھر کی سیڑھیوں پر مردہ دستیاب ہوئے۔

جدہ: سعودی عرب میں ایک حیدرآبادی نوجوان اپنی نئی ملازمت جوائن کرنے سے چند گھنٹے قبل فوت ہوگیا۔ نوجوان کی شناخت محمد مجاہد علی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ وہ کافی عرصے سے سعودی عرب میں ایک بہتر ملازمت تلاش کر رہا تھا۔

شہر کے علاقہ ٹولی چوکی کے قریب حکیم پیٹ کے رہنے والے 37 سالہ محمد مجاہد علی اتوار کو دارالحکومت ریاض کے ضلع مارفوہ میں اپنی رہائش گاہ میں مردہ دستیاب ہوئے۔ وہ اتوار سے ایک نئی کمپنی جوائن کرنے والے تھے۔ تاہم، وہ صبح کے وقت ریاض میں اپنے گھر کی سیڑھیوں پر مردہ دستیاب ہوئے۔ مجاہد علی کی نعش کو سب سے پہلے پڑوسیوں نے دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے وہاں پہنچ کر لاش کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ مجاہد کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی ہے۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ مجاہد کچھ عرصے سے دمام میں کام کر رہے تھے اور انہیں ایک نئی کمپنی میں بہتر نوکری مل گئی تھی۔ وہ جس دن نئی ملازمت جوائن کرنے والے تھے اس سے چند گھنٹے قبل ہی ان کی موت واقع ہوگئی۔ 

متوفی کے پسماندگان میں بیوی اور والدین ہیں، جنہوں نے مجاہد علی کی تجہیز و تکفین کے سلسلہ میں رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے ریاض میں ایک مشہور کمیونٹی ورکر عبدالجبار سے مدد مانگی ہے اور توقع ہے کہ ایک یا دو دن میں لاش کی تدفین کر دی جائے گی۔