حیدرآباد

شدت پسندوں، دہشت گردوں کی سرگرمیوں کو کچلنے پولیس تیار: محمود علی

محمودعلی نے کہا کہ امن کے بغیر ملک یا ریاست کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ برقراری امن کو ترقی کی کلید بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں امن نہیں رہے گا وہاں کے عاوم میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوگا اور ترقی کا عمل متاثر ہوگا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے جمعہ کے روز یہ کہا کہ پولیس فورس ریاست میں شدت پسندوں اور دہشت گردوں کو اپنی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ ریاستی پولیس فورس، ان شدت پسندوں اور دہشت گردوں کی کسی بھی سرگرمیوں کے احیاء کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے چوکس ہے۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس، عسکریت پسندوں، دہشت گردوں، غیر سماجی عناصر، فرقہ پرست طاقتوں اور سفید کالر مجرموں کی سرگرمیوں کے تدارک کیلئے سخت محنت کررہی ہے۔ ریاستی وزیر داخلہ محمود علی آج شہر حیدرآباد میں یوم شہیداں پولیس کے موقع پر پولیس فلاگ ڈے پریڈ سے خطاب کرہے تھے۔

پریڈ کا یادگار شہیداں پولیس کے مقام پر اہتمام کیا گیا تھا۔ ڈی جی پی ایم مہندر ریڈی، اور پولیس کے دیگر عہدیداروں کے ساتھ وزیر داخلہ نے پولیس کے شہید جوانوں کو بھرپور خراج پیش کیا جنہوں نے گذشتہ ایک سال کے دوران فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے۔

 محمودعلی نے کہا کہ امن کے بغیر ملک یا ریاست کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ برقراری امن کو ترقی کی کلید بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں امن نہیں رہے گا وہاں کے عاوم میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوگا اور ترقی کا عمل متاثر ہوگا۔

سرمایہ کاری بھی متاثر ہوگی جس کے نتیجہ میں غربت بڑھے گی۔ اس لئے ترقی اور غریبی کے خاتمہ کیلئے امن ناگزیر ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 8 برسوں کے دوران حکومت تلنگانہ شہر حیدرآباد کے بشمول ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔

حکومت فرقہ وارانہ کشیدگی کو ختم کرنے میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ حالیہ گنیش اتسو، بونال جلوس، بتکماں اور دیگر تہواروں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے پر انہونں ے محکمہ پولیس کی ستائش کی۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت، محکمہ پولیس کو مزید سہولتیں فراہم کرے گی تاکہ پولیس فورس، بھرپور اور موثر طریقہ سے فرائض انجام دے سکے۔

 ڈی جی پی مہند رریڈی نے دعویٰ کیا کہ امن اور نظم وضبط کی برقراری میں ٹکنالوجی کے استعمال میں تلنگانہ پولیس سرفہرست ہے۔ ایک اسٹیٹ ایک سرویس کے نعرے کے ساتھ ریاستی پولیس، احتساب، شفافیت کے ساتھ دوستانہ ماحول میں خدمات انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 15لاکھ سی سی ٹی وی کیمروں کو رکھنے کے مقصد کے تحت پولیس کام کررہی ہے۔ سائبر جرائم کو روکنے کیلئے پولیس،CCTNS2.0 کو نافذ کررہی ہے۔ مستقبل کی ٹکنالوجی کے ساتھ انڈین سائر کرائم کو آرڈنیشن سنٹر بھی قائم کئے جارہے ہیں۔

 امن اور نظم وضبط کو بہتر وموثر انداز میں برقرار رکھنے کیلئے600 کروڑ روپے کے مصارف سے انٹیگریٹیڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا چند دنوں قبل افتتاح عمل میں آیا ہے۔