حیدرآباد

فلسطین کی تائید میں 29 نومبر کو تاریخی چارمینار سے موم بتی ریالی

سابق رکن پارلیمنٹ وسینئر نائب صدر آل انڈیا پیس اینڈ سالیڈار سٹی آرگنائزیشن سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ 29 نومبر کو 5 بجے شام تاریخی چارمینار کے پاس موم بتی ریالی کا انعقاد کیا جائے گا۔

حیدرآباد: سابق رکن پارلیمنٹ وسینئر نائب صدر آل انڈیا پیس اینڈ سالیڈار سٹی آرگنائزیشن سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ 29 نومبر کو 5 بجے شام تاریخی چارمینار کے پاس موم بتی ریالی کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں 29 نومبر کو یوم عالمی فلسطین کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ یہ ریالی فلسطینی عوام کی حمایت میں اور اسرائیل کی بربریت کے خلاف منظم کی جارہی ہے۔ اس ریالی میں آل انڈیا تنظیم انصاف‘ کووا‘ آئی پی ایس او‘ آئی این ایس اے ایف ودیگر تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔

سید عزیز پاشاہ نے اخباری بیان میں بتایا کہ آج آئی پی ایس او‘ آل انڈیا تنظیم انصاف‘ کووا کے علاوہ دیگر تنظیموں کے نمائندوں کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں فلسطین کے عوام کی حمایت میں 29 نومبر کو 5 بجے تاریخی چارمینار سے موم بتی ریالی منظم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ وزیراعظم نریندر مودی سے قبل ملک کے تمام وزرائے اعظم نے ہندوستان کی خارجہ پالیسی کے حصہ کے طور پر فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت اور یکجہتی کا اعلان کیا تھا۔ سابق وزراء اعظم نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کی تھی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فلسطین سے یکجہتی پروگرام میں کثیر تعداد میں شرکت کریں۔ اس موقع پر آئی پی ایس او کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر سدھاکر‘ سکریٹری کے وی ایل نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر آئی پی ایس او ریاستی کمیٹی کے صدر رگھوپال‘ جنرل سکریٹری کے ناگیشور راما راجو‘ فیاض‘ عام آدمی پارٹی کے ایم اے ماجد‘ ہریش‘ راکیش‘ عبدالستارو دیگر موجود تھے۔