حیدرآباد

مجاہدین آزادی کوکانگریس کا خراج، گاندھی بھون میں جشن آزادی

کانگریس قائدین نے کہاکہ بی جے پی ان ممتاز مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو فراموش کررہی ہے اور ساورکرکو مجاہدآزادی کے طورپرپیش کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ساورکرنے انگریزوں کومعافی نامہ لکھ کر جیل سے رہائی حاصل کی تھی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی جانب سے ملک کی آزادی کی 75ویں سالگرہ تقریب آج گاندھی بھون میں منائی گئی۔ کارگزار صدر مہیش کمار گوڑنے قومی پرچم لہرایا اورسلامی دی۔

 اس تقریب میں انچارج کانگریس امور ندیم جاوید‘سابق وزیر محمدعلی شبیر‘ کارگزار صدر انجن کماریادو‘ڈاکٹر گیتا ریڈی‘ کارگزار صدر محمد اظہر الدین‘سابق صدرپی سی سی اتم کمار ریڈی ایم پی‘نائب صدرجی نرنجن‘جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین‘ سیدعظمت اللہ حسینی‘ شیخ عبداللہ سیہل چیرمین مائناریٹی ڈپارٹمنٹ‘ سید نظام الدین (ترجمان)‘فیروزخان (نامپلی انچارج)‘ روہن ریڈی حیدرآبادکوآرڈنیٹر‘ انیل کمار یادوودیگر قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں مہیش کمار گوڑنے کہاکہ ملک کی آزادی کے لئے بابائے قوم گاندھی جی‘ پنڈت جواہرالال نہرو‘مولانا ابوالکلام آزاد‘ سردار پٹیل کے بشمول ہزاروں مجاہدین کی قربانیوں کوفراموش نہیں کیاجاسکتا۔پنڈت نہرو‘مولانا آزاد کی برسوں تک جیل کی صعوبتیں کی ہیں۔

آج بی جے پی ان ممتاز مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو فراموش کررہی ہے اور ساورکرکو مجاہدآزادی کے طورپرپیش کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ساورکرنے انگریزوں کومعافی نامہ لکھ کر جیل سے رہائی حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ملک جس وقت آزادہواتھا اس وقت ملک میں سوئی تک تیار نہیں ہوتی تھی۔

 ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت نہرو کی دوراندیش پالیسیوں نے ملک کو صنعتی‘زرعی‘سائنسی‘ تجارتی‘تعلیمی‘معاشی واقتصادی شعبہ میں ترقی کی بلندیوں پرپہنچا دیا۔ اندراگاندھی نے بینکوں کوقومیانے‘ زرعی اصلاحات‘ حصول اراضی قوانین کے ذریعہ ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔

 نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت نے کانگریس حکومت کی 70 سالہ ملک کی ترقی کو آج تباہی کے دہانے پرپہنچا دیا۔ ملک میں بیروزگاری‘ مہنگائی‘ پٹرول‘ ڈیزل وپکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ‘کھانے پینے کی اشیاء پر جی ایس ٹی کانفاذ کرکے عام آدمی کی زندگیوں کو دشوارکن بنادیا ہے۔

 یہ حقیقت ہے کہ ملک کی آزادی کی تحریک میں بی جے پی قائدین کا کوئی رول نہیں ہے اورنہ ہی ملک کی ترقی میں انہوں نے کوئی کارنامہ انجام دیا ہے۔ کارگزار صدر نے تلنگانہ کی ٹی آرایس حکومت کوبھی سخت تنقید کانشانہ بنایا اور کہاکہ کے سی آر اور ان کے خاندان کی حکومت نے اپنی غلط پالیسیوں سے ریاست کو قرض کے دلدل میں جھونگ دیا۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرئے گی۔ بعدازاں گاندھی بھون تا عابڈس چوراہا ترنگاریالی نکالی گئی جس میں اتم کمارریڈی‘گیتا ریڈی‘ انجن کماریادو‘ مہیش کمار گوڑ‘ندیم جاوید‘ عبداللہ سہیل‘فیروز خان‘محمدامتیاز‘عثمان محمدخان‘ افسر یوسف زئی‘ روین ریڈی‘ساجد پاشاہ ودیگر نے شرکت کی۔