حیدرآباد

نوجوانوں کو مقاصد کا تعین کرنے کے ٹی آر کا مشورہ

کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے عہدیداروں، عوامی نمائندوں اور صنعت کاروں کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے اور اس مقصد کو حاصل کرنے حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مناسب پروگرامس تیار کرے۔

حیدرآباد: کارگذار صدر ٹی آر ایس و ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے نوجوانوں کو مقاصد کا تعین کرتے ہوئے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔ ضلع رنگاریڈی کے نندی گاما میں منعقدہ بین لاقوامی یوتھ کانفرنس سے ورچیول خطاب کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ نوجوانوں میں سماج کے تئیں ذمہ داری کے متعلق شعور بیدار کرنے، اخلاقیات کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔

اس کے علاوہ نوجوانوں کو اپنے لئے مقاصد کا تعین کرتے ہوئے انہیں حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کرنے کا جذبہ فراہم کرنا نہایت ہی ضروری ہے تاکہ نوجوانوں کو مستقبل کے صنعت کار، سرمایہ کار، انٹر پرینرس میں تبدیل کیا جاسکے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے عہدیداروں، عوامی نمائندوں اور صنعت کاروں کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے

 اور اس مقصد کو حاصل کرنے حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مناسب پروگرامس تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان کاموں میں اگرچہ کہ حکومت کا کردار محدود رہ سکتا ہے۔

مگر اس طرح کے پروگرامس کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء میں سماج کے تئیں ذمہ داری کے متعلق واقف کرانے کیلئے تدریسی نصاب میں مناسب تبدیلی لائی جائیگی طلباء کو شروع ہی سے اخلاقیات، ذمہ داری، برائیوں سے دور رہنے کے متعلق پڑھایا جائے گا۔