حیدرآباد

اندھوں کو ترقیاتی کام نظر نہیں آتے: ہریش راؤ

24 منزلہ عمارت تعمیر کرتے ہوئے دو ہزار بستروں پر مشتمل ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے1100 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ منظوری کے فوری بعد ٹنڈر طلب کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کا آغاز کردیا گیا۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے بیان کو کہ ٹی آر ایس دور حکومت میں ورنگل میں کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے کو حقیقت سے بعید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے نڈا نے سطحی بیان دیا ہے۔

ہریش راؤ نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کی دور اندریشی اور دانشمندانہ قیادت میں ورنگل جیل کو منہدم کرتے ہوئے یہاں عالیشان ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت ورنگل کو ہیلتھ سٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔

 24 منزلہ عمارت تعمیر کرتے ہوئے دو ہزار بستروں پر مشتمل ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے1100 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ منظوری کے فوری بعد ٹنڈر طلب کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کا آغاز کردیا گیا۔ صرف تین ماہ کے دوران15 فیصد تعمیراتی کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔

ہریش راؤ نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اندھوں کو ترقیاتی کام نظر نہیں آتے۔جو آج ہم پر تنقید کررہے ہیں انہیں صحت عامہ اور دواخانوں کی اہمیت کا اندازہ نہیں ہے۔ راؤ نے کہا کہ حکومت، صرف ورنگل میں ایک دواخانہ تعمیر کررہی ہے بلکہ مستقبل کی نسلوں کے لئے ایک بہترین طبی سہولت فراہم کررہی ہے

جس سے مستقبل میں ورنگل میڈیکل، ایجوکیشن، علاج ومعالجہ کا ایک اہم مرکز بن جائے گا۔ عوام کو بہترین سہولتیں حاصل ہوں گی۔ ہریش راؤ نے بی جے پی قیادت کو جھوٹ بولنے کے بجائے حقائق کو دیکھنے اور سوچ سمجھ کر بیان بازی کرنے کا مشورہ دیا۔