ایشیاء
ٹرینڈنگ

چوہے نے جہاز کو 3 دن تک اُڑان نہ بھرنے دی، پروازوں کا شیڈول متاثر

طیارے کے کولمبو میں اترنے تک چوہے کی تلاش جاری رہی، لیکن وہ نہ ملا اور طیارے کو چوہا ملنے تک کے لئے گراؤنڈ کر دیا گیا۔ ایئرلائن کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ اب طیارے کی پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئیں ہیں۔

دہلی: سری لنکا کی قومی ایئر لائن کے ایک طیارے میں پرواز کے دوران چوہے کے نکل کر سامنے آنے سے طیارے میں بھگڈر مچ گئی اور اسے پکڑنے کیلئے دوڑ دھوپ شروع ہو گئی۔

متعلقہ خبریں
آسٹریلیا میں دو ہیلی کاپٹر ٹکرائے‘ 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی

چوہے کی وجہ سے طیارے کو تین روز تک گراؤند کرنا پڑا جس سے کمپنی کو بڑا مالی نقصان ہوا۔ طیارے میں چوہے کی موجودگی کا انکشاف اس وقت ہوا جب سری لنکن ایئرلائنز کی ایئربس اے۔ 330 لاہور سے روانہ ہوئی۔

جس کے بعد چوہے کی تلاش کے ساتھ ساتھ عملہ اس چھان بین میں بھی مصروف ہو گیا کہ چوہے نے کہیں کوئی تار نہ کاٹ ڈالی ہو یا کسی آلے کو نقصان نہ پہنچا دیا ہو۔

یہ ایک ایسی مخصوص نسل کا چوہا تھا جو گاڑیوں وغیرہ میں رہنا پسند کرتا ہے اور ان کے آلات اور برقی نظام کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتا ہے۔ اس نسل کے چوہے سائز میں چھوٹے ہوتے ہیں اس لئے آسانی سے کہیں بھی چھپ جاتے ہیں۔ طیارے میں چوہے کی موجودگی اس لئے بھی تشویش کا باعث تھی کہ وہ تاریں کتر کر اور آلات کو نقصان پہنچا کر طیارے کو خطرے سے دوچار کر سکتا ہے۔

طیارے کے کولمبو میں اترنے تک چوہے کی تلاش جاری رہی، لیکن وہ نہ ملا اور طیارے کو چوہا ملنے تک کے لئے گراؤنڈ کر دیا گیا۔ ایئرلائن کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ اب طیارے کی پروازیں دوبارہ شروع کر دی گئیں ہیں۔ لیکن اس چوہے کی وجہ سے اسے تین تک روز تک گراؤنڈ کرنے سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

ایئر لائن کے عہدے دار نے جس نے اپنا نام ظاہر کرنے سے معذرت کی بتایا کہ چوہا ڈھونڈنے میں تین روز لگے اور وہ مرا ہوا ملا۔ اس کے بعد طیارے کو پرواز کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سری لنکن ایئر لائنز کو سب سے زیادہ منافع 2001 میں اس وقت ہوا تھا جب علاحدگی پسند گروپ تامل ٹائیگرز نے حملہ کر کے کئی طیاروں کو تباہ کر دیا تھا۔ جس کے بعد انشورنس کی رقوم ملنے سے کمپنی کی آمدنی اور منافع میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔