حیدرآباد

ریاست میں فریڈم رن کا اہتمام، ہزاروں افراد شریک

ریاست تلنگانہ میں جمعرات کے روز فریڈم رن (آزادی کی دوڑ) کا اہتمام کیا گیا۔جوش وخروش اور جذبہ حب الوطنی کے تحت ریاست کے تمام اضلاع میں دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں جمعرات کے روز فریڈم رن (آزادی کی دوڑ) کا اہتمام کیا گیا۔جوش وخروش اور جذبہ حب الوطنی کے تحت ریاست کے تمام اضلاع میں دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔

وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر منتخب عوامی نمائندوں نے دوڑ کو جھنڈی دکھائی۔ ”سواتنترا بھارت وجرا اتسولوسپتم“ کے حصہ کے طور پر محکمہ پولیس کی جانب سے حیدرآبادشہر اور دیگر اضلاع کے مختلف حصوں میں فریڈم رن کا اہتمام کیا گیا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے دو ہفتہ طویل آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کااہتمام کیا جارہا ہے۔

حیدرآباد میں بنجارہ ہلز کے جدید انٹیگریٹیڈ کمانڈ اور کنٹرول سنٹر سے 5کے رن کااہتمام کیا گیا۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے وزیر افزایش مویشیان ٹی سرینواس یادو کے ساتھ اس دوڑ کو جھنڈی دکھائی۔ اس پروگرام میں رکن اسمبلی ڈی ناگیندر، چیف سکریٹری سومیش کمار، سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند اور دیگر عہدیدار شریک تھے جو آہستہ سے رقص کرتے ہوئے دیکھے گئے۔

اس پروگرام میں مرد، خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد شریک تھی جو ترنگا تھامے ہوئے تھے۔ پولیس انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر سے این ٹی آر بھون تک دوڑ کا اہتمام کیا گیا اور اس روٹ پر دوڑ کی واپسی ہوئی۔ اس دوڑ کے اہتمام کیلئے پولیس نے ٹرافک تحدیدات عائد کی تھیں۔

پرانے شہر میں بھی فلک نما پیالیس تا چارمینار فریڈم رن کا اہتمام کیا گیا۔ 4 کیلو میٹر طویل اس رن کو اے سی پی شیخ جہانگیر نے جھنڈی دکھائی۔ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے ضلع کاماریڈی کے بانسواڑہ ٹاؤن میں آزادی کی دوڑ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پوچارم سرینواس ریڈی نے مجاہدین آزادی کو بھر پور خراج پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مہاتماگاندھی اور دیگر کئی مجاہدین نے تحریک آزادی میں حصہ لیتے ہوئے ملک کی آزادی کیلئے لڑائی جاری رکھی جس کے نتیجہ میں ملک کو انگریزوں کی غلامی سے آزادی ملی۔ ان عظیم قائدین کی قربانیوں کے نتیجہ میں آج ہم ایک آزاد ملک میں زندہ ہیں۔ ریاستی وزیر زراعت جی نرنجن ریڈی، ونپرتی میں آزادی کی دوڑ میں شریک تھے۔ اس دوڑ میں ضلع کلکٹر شیخ یاسمین باشاہ، اور دیگر عہدیداروں نے حصہ لیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نرنجن ریڈی نے کہا کہ225 سال سے ملک کی آزادی کی تحریک شروع ہوئی تھی۔ عوام کی قربانیوں کے نتیجہ میں 75 سال قبل 15/ اگست 1947 کو ملک کو آزادی ملی۔انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ریاست میں آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کے حصہ کے طور پر 8 سے 22 /اگست کے درمیان مختلف پروگراموں کا اہتمام کررہی ہے۔

علاوہ ازیں حکومت ریاست بھر میں 1.2 کروڑ ترنگا مفت تقسیم کررہی ہے۔ ترنگے کی تقسیم کا عمل 14 / اگست تک جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پیر کے روز شہر کے ایچ آئی سی سی سنٹرمیں آزادی کی15 روزہ ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کا افتتاح کیا تھا۔