سخت سیکوریٹی کے درمیان شہر میں جمعہ پرامن گزر گیا
چارمینار کے اطراف علاقہ میں سیکوریٹی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ عوام کی حمل ونقل کو باقاعدہ بنانے کیلئے چارمینار کے اطراف باریکیڈس نصب کئے گئے۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون سائی چیتنیہ نے بتایا کہ کسی کو بھی ریالیاں، جلوس نکالنے کی اجازت نہیں رہے گی۔

حیدرآباد: سیکورٹی کے سخت انتظامات کے دوران حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میں جو گذشتہ4دنوں سے گستاخ راجہ سنگھ کے خلاف احتجاج کا مرکز بنا ہوا تھا۔ آج جمعہ پرامن طور پر گذر گیا جس کے بعد عوام اور پولیس نے راحت کی سانس لی۔ جڑواں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد کے بشمول حساس پرانے شہر میں سیکوریٹی کے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے۔
جگہ جگہ پولیس کے مسلح دستے تعینات کئے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار، واقعہ سے فوری طور پر پر نمٹا جاسکے۔ پرانے شہر میں تاریخی مکہ مسجد، چارمینار، لاڈبازار، شاہ علی بنڈہ، مغل پورہ، یاقوت پورہ، چھاونی ناد ِ علی بیگ، کے علاوہ ویسٹ اور ایسٹ زون کے علاقوں میں بھی جمعہ پرامن طور پر گذر گیا۔
کمشنر پولیس سی وی آنند نے آج چارمینار علاقہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے میڈیا کو بتایا کہ چہارشنبہ کی شب کو پیش آئیے سنگباری واقعہ کے بعد تحال کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ شہر کی بڑی مساجد کے قریب پولیس دستوں کو بٹھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں موسیٰ باؤلی، کاماٹی پورہ، شاہ علی بنڈہ، مغل پورہ، لال دروازہ، چندرائن گٹہ، فلک نما، ٹپہ چبوترہ، کاروان منگل ہاٹ، گوشہ محل، مہدی پٹنم، ٹولی چوکی اور دیگرعلاقوں میں پولیس کو الرٹ کردیا گیا تھا اور طلایہ گردی میں شدت پیدا کی گئی تھی۔
آئی اے این ایس کے مطابق سخت سیکوریٹی کے درمیان پرانے شہر میں تاریخی مکہ مسجد اور دیگر مساجد میں نماز جمعہ پرامن طور پر ادا کی گئی۔ نماز جمعہ کے بعد مکہ مسجد کے مصلیان، پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے فوری طور پر نمٹنے کیلئے چارمینار کے قریب پولیس کے مسلح دستوں کوتیار حالت میں رکھا گیا۔
چند نوجوانوں نے نعرے لگاتے ہوئے چارمینار کی جانب سے بڑھنے کی کوشش کی مگر پولیس اورفرقہ کے معمر افراد نے ان نوجوانوں کو سمجھایا اور انہیں اپنے گھر جانے کی کامیاب ترغیب دی صدر مجلس و ایم پی حیدرآباد اسد الدین اویسی کے علاوہ ملی اور مذہبی قائدین نے مسلمانوں کو گھر کے قریب کی مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اپیل کی وجہ سے مکہ مسجد میں مصلیوں کی تعداد کم دیکھی گئی۔
چارمینار کے اطراف علاقہ میں سیکوریٹی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ عوام کی حمل ونقل کو باقاعدہ بنانے کیلئے چارمینار کے اطراف باریکیڈس نصب کئے گئے۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون سائی چیتنیہ نے بتایا کہ کسی کو بھی ریالیاں، جلوس نکالنے کی اجازت نہیں رہے گی۔
بی جے پی سے معطل رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے گستاخانہ ریمارکس کے بعد امکانی احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے پرانے شہر کے کئی حساس مقامات پر پولیس کا وسیع تر بندو بست کیا گیا۔
ریاپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) کے بشمول4ہزار پولیس ملازمین کو سیکوریٹی بندوبست پر مامور کیا گیا۔ جمعرات کے روز راجہ سنگھ کی دوبارہ گرفتاری کے بعد احتجاج کا سلسلہ تھم گیا اور حالات معمول پر تیزی سے آتے گئے۔