حیدرآباد

سٹی پولیس نے راجہ سنگھ کو حراست میں لے لیا

راجہ سنگھ کو اس لئے حراست میں لے لیا ہے جنہوں نے کامیڈین منور فاروقی کے شو کے مقام کو جو شیڈول کے مطابق ہفتہ20/ اگست کو مقرر ہے، آگ لگانے کی دھمکی دی تھی۔

حیدرآباد: حیدرآباد سٹی پولیس نے جمعہ کے روز حلقہ گوشہ محل کے بی جے پی ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ کو اس لئے حراست میں لے لیا ہے جنہوں نے کامیڈین منور فاروقی کے شو کے مقام کو جو شیڈول کے مطابق ہفتہ20/ اگست کو مقرر ہے، آگ لگانے کی دھمکی دی تھی۔

راجہ سنگھ اپنے حامیوں کے ساتھ شلپا کلا ویدیکا جہاں فاروقی کا شو کل منعقد ہوگا، جانے کی تیاری کررہے تھے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور انہیں بولا رم پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ پولیس کی گاڑی میں سوار ہونے سے قبل متنازعہ ایم ایل اے راجہ سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ پولیس نے انہیں کوئی معلومات نہیں دی ہیں۔

پولیس نے راجہ سنگھ کو منگل ہاٹ علاقہ میں واقع ان کے دفتر سے گرفتار کیا ہے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی کے حامیوں نے ریاستی حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف نعرے لگائے ان میں چند نے پولیس کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔

شو کے مقام پر گڑبڑ پیدا کرنے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے آج صبح سے ہی منگل ہاٹ میں رکن اسمبلی کے دفتر کے اطراف سیکوریٹی سخت کردی تھی۔ راجہ سنگھ نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر منور فاروقی، شو منعقد کریں گے تو وہ کامیڈین کو نہ صرف زدکوب کریں گے بلکہ شو کے مقام کو بھی آگ لگا دیں گے۔

رکن اسمبلی کا ایک ویڈیو جس میں انہوں نے کامیڈین کو دھمکی دی تھی، گذشتہ ہفتہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ منور فاروقی نے لطائف ذریعہ دیوتاؤں کا مذاق اڑایا جس سے ہندوؤں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

منور فاروقی نے اپنے انسٹا گرام اکاونٹ پر 20/ اگست کو شہر حیدرآباد میں اپنے شو ”ڈونگری ٹونووئیر“ کے انعقاد کے اعلان کے بعد رکن اسمبلی کی تازہ وارننگ سامنے آئی ہے۔ فاروقی، گذشتہ جنوری میں ہی حیدرآباد میں شو منعقد کرنے والے تھے مگر کووڈ کیس میں اضافہ کے سبب انہوں نے اپنا شو ملتوی کردیاتھا۔ اب وہ، کل ہفتہ کو اپنا شو منعقد کرنے جارہے ہیں۔