حیدرآباد

عوام، تلنگانہ میں بے چینی پیدا کرنے فرقہ پرست طاقتوں کی کوششوں کو ناکام بنائیں: کے سی آر

چیف منسٹر کے سی آر نے سابق ریاست حیدرآباد کے ہند یونین میں انضمام کے موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے منائے جانے والے یوم قومی یکجہتی کے سلسلہ میں باغ عامہ میں ہوئی اصل تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔

حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھرراو نے عوام پر زوردیا ہے کہ وہ تلنگانہ میں بے چینی پیدا کرنے فرقہ پرست طاقتوں کی کوششوں کو ناکام بنائیں۔انہوں نے اپیل کی کہ اپنے سیاسی فائدہ کیلئے تاریخ تلنگانہ کو مسخ کرنے، ہم آہنگی کو برباد کرنے اورتلنگانہ کی ثقافت کو آلودہ کرنے کی سازشوں سے عوام چوکنا رہیں۔

طویل جدوجہد کے بعد تلنگانہ ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا اور یہ ریاست کئی محاذوں پرآگے ہے تاہم تباہی مچانے والی طاقتیں بے چینی پیداکرنے کے لئے آگئی ہیں جو اپنے خودغرض سیاسی مفادات کیلئے 17ستمبر کی تاریخ کو مسخ کررہی ہیں حالانکہ17ستمبر قومی یکجہتی کا مظہر ہے۔ان موقع پرستوں کا تلنگانہ کی تاریخ اورترقی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

یہ طاقتیں اپنی حقیر سیاست کے لئے تلنگانہ کی روشن تاریخ کو مسخ اور آلود ہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔وزیراعلی نے سابق ریاست حیدرآباد کے ہند یونین میں انضمام کے موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے منائے جانے والے یوم قومی یکجہتی کے سلسلہ میں باغ عامہ میں ہوئی اصل تقریب میں قومی پرچم لہرایا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے تلنگانہ یوم قومی یکجہتی کے موقع پر ان دنوں کے تمام ہیروز کو نام سے یاد کرنا ہمارا فرض ہے۔ آئیے ہم فخر کے ساتھ کمرم بھیم کی تحریک کو یاد کریں گے جنھوں نے عادل آباد کے جنگلات میں قبائلی افراد کو متحد کیا تھا اور جل جنگل زمین کا نعرہ دیا تھا۔

آئیے ہم راوی نارائن ریڈی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، وہ بے لوث ہیرو جس نے اپنی سینکڑوں ایکڑ زمین غریبوں کو دے دی، وہ ہیرو جس نے کسانوں کی جدوجہد کو غیر متزلزل قیادت دی۔ آئیے سوامی رامانند تھیرتھا کو یاد کریں جنہوں نے لوکمانیہ بالاگنگادھر تلک سے متاثر ہوکر سیاست میں قدم رکھا،حیدرآباد اسٹیٹ کانگریس قائم کی اور پی وی نرسمہا راؤ جیسے کئی لیڈروں کو تربیت دی۔

 ہم سردار جمال پورم کیشو راؤ اور وٹیکوٹہ الور سوامی کی کوششوں کی ستائش کرتے ہیں جنہوں نے تلنگانہ کے دیہاتوں میں لائبریری قائم کرنے کے لیے بہادری سے جدوجہد کی۔ چندرشیکھرراو نے کہا کہ تلنگانہ میں کئی ایسی شخصیات پیدا ہوئی جنھوں نے جدوجہد آزادی اور تلنگانہ کی آزادی کے لئے تحریک چلائی۔

ان شخصیات نے سماجی انصاف،سماجی برائیوں کے خاتمے اور عوام میں شعور بیدار مہم چلائی جن میں قابل ذکر اسی طرح اکشرا چیتنیا مورتی، سوراورم پراتاپریڈی، عوامی شاعر کالوجی نارائن راو، مخدوم محی الدین، شعیب اللہ خان، بندیاڈاگیری، داسارتی کرشنماچاریہ، سدالا ہنومنتھو، شامل ہیں کئی ایسے عظیم لوگ ہیں جنہوں نے تلنگانہ کے سماج میں ایک شاندار سیاسی اور سماجی شعور کو جگایا اور اپنی قربانیوں سے تاریخ کو روشن کیا۔ وزیراعلی نے قبل ازیں تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دلانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والوں کو گن پارک پر خراج پیش کیا۔