حیدرآباد

فیملی پلاننگ آپریشن کے بعد مزید 2 خواتین کی موت

سرینواس نے کہاکہ یہ کیمپ معمول کا کیمپ تھاجہاں پر تجربہ کار ڈاکٹرس کی جانب سے سرجری کی گئی تھی۔ان ڈاکٹرس کو اس معاملہ میں کافی تجربہ تھا۔انہوں نے کہاکہ اس معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے تاکہ اس کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ابراہیم پٹنم میں خاندانی منصوبہ بندی کے آپریشن کے دوران مزید دو خواتین کی موت ہوگئی ہے۔ یہ خاندانی منصوبہ بندی کے آپریشن کا کیمپ ابراہیم پٹنم کے کمیونٹی ہیلت سنٹر میں منعقد کیاگیا تھا۔آج دو اموات کے بعد اس آپریشن کے بعد مرنے والی خواتین کی جملہ تعداد بڑھ کر4ہوگئی ہے۔

ڈائرکٹر صحت عامہ ڈاکٹرجی سرینواس راو نے میڈیا کو یہ بات بتائی۔ جملہ 34خواتین کی ڈبل پنکچرلپرااسکوپک(ٖڈی پی ایل)سرجری، اس کیمپ میں کی گئی تھی۔ ڈاکٹرس نے کہاکہ دیگر خواتین کی حالت مستحکم ہے۔اس واقعہ کے بعد سی ایچ سی سپرنٹنڈنٹ کو تاحیات معطل کردیاگیااورسرجری کرنے والے ڈاکٹرس کو عارضی طورپر معطل کیاگیا ہے۔

ریاستی حکومت نے اس معاملہ کی جانچ کے احکام جاری کئے ہیں۔یہ جانچ ڈاکٹر سرینواس راو کی قیادت میں کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ بقیہ خواتین کواحتیاطی طورپر نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس)منتقل کردیاگیا ہے اور ان کی صحت پر نظررکھی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ کیمپ معمول کا کیمپ تھاجہاں پر تجربہ کار ڈاکٹرس کی جانب سے سرجری کی گئی تھی۔ان ڈاکٹرس کو اس معاملہ میں کافی تجربہ تھا۔انہوں نے کہاکہ اس معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے تاکہ اس کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسے کیمپس تلنگانہ میں ہر ماہ معمول کے مطابق منعقد کئے جاتے ہیں جس میں بڑے پیمانہ پر خاندانی منصوبہ بندی کے آپریشنس انجام دیئے جاتے ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ قبل ازیں پیر کو 34خواتین کاآپریشن کیاگیا جس میں 30کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔چارخواتین کے معدے میں سوزش پیداہوگئی جس کے بعد ان کو علاج کے لئے پرائیویٹ اسپتال منتقل کیاگیا۔

علاج کے دوران دو خواتین کی موت ہوگئی جبکہ دیگر دوخواتین پرائیویٹ اسپتال میں زیرعلاج تھیں۔اس واقعہ کے ساتھ ہی ریاستی حکومت نے ڈائرکٹر صحت عامہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملہ کی جانچ کریں اور اندرون ایک ہفتہ رپورٹ پیش کریں۔

ریاستی حکومت نے ساتھ ہی مہلوک خواتین کے خاندانوں کے لئے ایکس گریشیاکے طورپر پانچ لاکھ روپئے کی رقم اور ہر مہلوک خاتون کے خاندان کے لئے ایک ڈبل بیڈروم مکان کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کے لئے اقامتی اسکولس میں تعلیم کا اعلان کیا ہے۔

 انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد اس طرح کا واقعہ پہلی بارہوا ہے۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ موت کی وجہ معلوم کرنے کے لئے ان کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔ اس طرح موت کی وجوہات جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بقیہ 30 افراد کی کل سے اسکریننگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ خاندانی منصوبہ بندی کے آپریشن ایک باقاعدہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے واقعات کے اعادہ کو روکنے کے لئے مناسب اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی صحت بہت ضروری ہے اور وہ خاندان کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ بچوں اور بوڑھوں کا بھی خیال رکھتی ہیں۔