حیدرآباد

ملک کے مصروف ترین ریلوے اسٹیشنوں میں شامل سکندرآباد کو عصری بنانے کا فیصلہ

ساؤتھ سنٹرل ریلوے کا ہیڈ کوارٹر اور جنوبی ہند کے چند مصروف ترین ریلوے اسٹیشن میں شمار ہونے والے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو بین الاقوامی معیار کا حامل، انتہائی عصری تقاضوں سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حیدرآباد: ساؤتھ سنٹرل ریلوے کا ہیڈ کوارٹر اور جنوبی ہند کے چند مصروف ترین ریلوے اسٹیشن میں شمار ہونے والے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو بین الاقوامی معیار کا حامل، انتہائی عصری تقاضوں سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسٹیشن کو ترقی دینے کے بعد باہر سے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرح نظر آئے گا۔ محکمہ ریلویز کو گذشتہ دنوں نقشہ تیار کرنے والے ادارے کی جانب سے ڈیزائنس حوالہ کئے گئے ریلوے بورڈ کی جانب سے ڈیزائنس کو منظوری دیا جانا باقی ہے۔

ریلوے اسٹیشن کے شمالی جانب پانچ منزلہ پارکنگ کامپلکس تعمیر کیا جائے گا اور جنوب کی طرف زیر زمین پارکنگ سہولت فراہم کی جائے گی۔ شمال کی جانب 22,516 مربع میٹر اور جنوبی جانب 14,792 مربع میٹر جگہ پر محیط تین تین منزلہ عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔

اس کے علاوہ 108 میٹر بلند اسکائی کانکورس تعمیر کیا جائے گا۔ اسکائی کانکورس کی پہلی منزل مسافرین کے لئے، دوسری منزل اور روف ٹاپ کو پلازا کے طور پر تعمیر کیا جائے گا۔ ریلوے اسٹیشن کو مسلسل برقی سربراہ کرنے کے لئے 5000 کیلو واٹ صلاحیت کا حامل سولار پلانٹ تعمیر کیا جائے گا۔

ریلوے اسٹیشن میں داخل ہونے اور باہر جانے کے لئے علیحدہ علیحدہ بلاکس کی تعمیر مسافرین کو لانے کے لئے ڈراپ اور واپسی کے لئے علیحدہ علیحدہ پک اب پائنٹس قائم کئے جائیں گے۔ اسٹیشن کے تمام دس پلیٹ فارمس کو عصری تقاضوں سے لیس کیا جائے گا۔

ریلوے اسٹیشن کو عصری تقاضوں سے لیس کرتے ہوئے عالمی معیار کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے 726 کروڑ روپئے خرچ کئے جانے کی اطلاع ہے۔ اس سلسلہ میں ریلویز کی جانب سے ٹنڈرس طلب کئے گئے تھے اور 8 کمپنیوں نے شرکت کی۔ دہلی سے تعلق رکھنے والی گردھاری لال کنسٹرکشن کمپنی نے کامیاب بولی لگاتے ہوئے ٹھیکہ حاصل کیا۔ ریلوے کے ذمہ داروں نے کمپنی کو 36 ماہ میں تمام کام مکمل کرلینے کی ہدایت دی۔

واضح رہے کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن ملک کے چند بڑے ریلوے اسٹیشن میں سے ایک ہے جہاں سے روزآنہ 180 تا 200 ریل گاڑیوں کا گذر ہوتا ہے۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن نان سب اربن گریڈ 1- زمرے میں آتا ہے۔ آنے والے دنوں میں اسٹیشن سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے، عوام کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر محکمہ ریلویز نے اسٹیشن کو عالمی معیار کے حامل اسٹیشن میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔

ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے منصوبہ تیار کیا گیا۔ موجودہ طور پر سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے ٹراکس کے اوپر کچھ نہیں ہے تاہم نئے منصوبہ کے مطابق ٹراکس کے اوپر عمارت تعمیر کی جائے گی۔ شمال اور جنوب میں موجود دو عمارتوں کے درمیان ٹراویلیئر کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔

اس پر محض ٹھہرنا ہی کافی ہوگا۔ یہ مسافر کو منزل تک (پلیٹ فارمس)تک پہنچا دے گا۔ اس کے علاوہ نئی عمارت کو اسکالیٹرس کے ذریعہ قریب میں واقع میٹرو اسٹیشن تک مربوط کرنے کا منصوبہ ہے۔