حیدرآباد

مکان میں شرمیلا کی بھوک ہڑتال جاری

پدیاترا کی اجازت دینے سے پولیس کے انکار کے خلاف وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر شرمیلا کی حیدرآباد میں اپنے مکان میں شروع کردہ غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال ہفتہ کے روز دوسرے دن میں داخل ہوگئی ہے۔

حیدرآباد: پدیاترا کی اجازت دینے سے پولیس کے انکار کے خلاف وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر شرمیلا کی حیدرآباد میں اپنے مکان میں شروع کردہ غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال ہفتہ کے روز دوسرے دن میں داخل ہوگئی ہے۔

شہر کے بنجارہ ہلز علاقہ میں واقع اپنے مکان ”لوٹس پانڈ“ میں شرمیلا، اپنی ماں وجیہ اماں کے ساتھ کل سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کررہی ہیں۔ ان کی رہائش گاہ کے اطراف پولیس کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا ہے۔

شرمیلا نے الزام عائد کیا کہ پولیس، پارٹی کارکنوں اور قائدین کو ان کے مکان پہنچنے سے روک رہی ہے۔ وائی ایس آر ٹی پی قائد نے واضح کردیا کہ جب تک پولیس پدیاترا کی اجازت نہیں دیتی تب تک ان کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔

پولیس نے آج شرمیلا کو اس وقت گرفتار کرتے ہوئے انہیں ان کے مکان منتقل کردیا تھا جبکہ وہ ٹینک بنڈ پر ڈاکٹر امبیڈ کر کے مجسمہ کے سامنے دھرنا دے رہی تھیں۔ شرمیلا نے اپنے حامیوں کے ساتھ، اپنے مکان کے قریب ایک سڑک پر بھوک ہڑتال شروع کی تھی جس پر پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کرتے ہوئے انہیں ان کے مکان منتقل کردیا تھا۔

بیٹی کے ساتھ اظہار یگانگت کرتے ہوئے ماں وجیہ اماں بھی بھوک ہڑتال میں شامل ہوگئیں۔ وائی ایس آر ٹی پی کے کئی کارکنوں اور قائدین کو ہفتہ کے روز گرفتار کرتے ہوئے انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کردیا تھا۔

قبل ازیں شرمیلا نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر، ان کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دبا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی حکومت کرپشن سے عبارت ہے۔