حیدرآباد

ٹی بی مکت تلنگانہ شعور بیداری مہم

ریاستی گورنرڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے قابل روک تھام امراض سے اموات کے سدباب کے لئے کارکرد ہیلت پلان تیار کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔

حیدرآباد: ریاستی گورنرڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے قابل روک تھام امراض سے اموات کے سدباب کے لئے کارکرد ہیلت پلان تیار کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔

آج یہاں ٹی بی مکت تلنگانہ مہم کے لئے منعقدہ شعور بیداری مہم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2024 تک تپ دق(ٹی بی) سے پاک تلنگانہ کے حصول کے نشانہ کوحاصل کرنے کے لئے مدت متعین کرتے ہوئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے این جی اوز جہدکاروں‘سماجی کارکنوں‘ سماجی کے ہرفرد کو اس مہم میں حصہ لینے اور مرض تپ دق سے متاثر افراد کی مرض سے مقابلہ کرنے میں مدد اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کا مشورہ دیا۔

خواتین اور قبائیلی طبقات میں خون کی کمی کے واقعات پر قابوپانے کیلئے پائیدار اقدام کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے گورنر نے کہاکہ غذائی قلت کے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے مقامی طورپر تیار کیئے جانے والے مہااوالڈو کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

حالیہ عرصہ میں پستان (چھاتی) کے سرطان کے واقعات میں اضافہ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ جلدازجلد اس موذی مرض کی تشخیص‘علاج کی سہولتوں کوعام کرنے‘مناسب علاج ومعالجہ سے سرطان سے ہونے والی اموات میں اضافہ پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے کہاکہ عوام بالخصوص خواتین میں پستانوں کے سرطان کے متعلق شعور بیدار کرنے‘وقتاً فوقتاً خواتین کوجانچ کرانے کی ترغیب دینا ضروری ہے۔

انہوں نے اسکول اور یونیورسٹی سطح پر وقتاً فوقتاً لڑکیوں کی صحت کی جانچ کے لئے کیمپس منعقد کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ خاص کرکمزور بینائی‘ امراض قلب‘امراض گردوں کا پتہ چلاتے ہوئے فوری علاج فراہم کیاجانا چاہئے۔

اس موقع پر ڈاکٹر رگھورام‘ڈاکٹر سائی باباگوڑ‘ ڈاکٹر سدھیر پرساد‘ ڈاکٹروجئے بھاسکر گوڑ موجودتھے۔ ڈاکٹر رگھورام نے ریاست میں پستانوں کے سرطان کے مقابلہ کے لئے لائحہ عمل پر تفصیلی منصوبہ پیش کیا۔