حیدرآباد

چیف منسٹر کی دختر کے کویتا کو بی جے پی میں شامل کرنے کی ترغیب

چیف منسٹرتلنگانہ وٹی آرایس سربراہ کے چندرشیکھرراؤ نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ بی جے پی کی جانب سے ان کی دختر کے کویتا کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کی ترغیب دی گئی تھی۔

حیدرآباد: چیف منسٹرتلنگانہ وٹی آرایس سربراہ کے چندرشیکھرراؤ نے سنسنی خیز انکشاف کیا کہ بی جے پی کی جانب سے ان کی دختر کے کویتا کو بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کی ترغیب دی گئی تھی۔

آج تلنگانہ بھون میں پارٹی کے اراکین عاملہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سے زیادہ سطحی سیاست اور کیا ہوسکتی ہے کہ ایک پارٹی سربراہ جو ایک ریاست کا چیف منسٹر بھی ہے کی دختر کوہی پارٹی سے منحرف ہونے کی ترغیب دی جائے اور یہ سطحی حرکت کرتے ہوئے بی جے پی نے ثابت کیا کہ وہ جمہوریت اورجمہوری اقدار پر یقین نہیں رکھتی۔

کے سی آر نے کہاکہ بی جے پی علاقائی جماعتوں کیخلاف سازشیں کرنے میں مصروف ہے۔ پڑوسی ریاست آندھراپرد یش میں جہاں چیف منسٹرجگن موہن ریڈی‘بی جے پی کی حمایت کررہے ہیں لیکن ان کی جماعت وائی ایس آر کانگریس کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے اراکین اسمبلی کو خرید نے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایسے میں ہم کو چوکنارہنے کی ضرورت ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ بی جے پی کس سے بات چیت کرناچاہتی ہے‘کس کے ساتھ معاملات طئے کرنے کا منصوبہ ہے۔

اس لئے سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ چوکس رہتے ہوئے بی جے پی کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔کے سی آر نے کہاکہ اس بار بھی تمام اراکین اسمبلی کوہی امیدوار بنایا جائے گا۔ کسی کوبھی تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ اس لئے سب کوعوام کے درمیان رہنے کا مشورہ دیا۔

اجلاس کے دوران منگوڈضمنی انتخاب کے نتیجہ کا بھی تجزیہ کیاگیا۔منگوڈانتخابی مہم کے دوران تساہلی برتنے والے وزراء پر ناراضگی ظاہر کی گئی۔ریاست میں روز بروزبی جے پی کے مضبوط ہوتے موقف پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے سرکاری اسکیموں کے متعلق عوام میں شعور بیدارکرنے اوربی جے پی کے مخالف تلنگانہ موقف سے عوام کو واقف کرانے کی ہدایت دی گئی۔