کھیل

ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی جانب سے نیتا امبانی کو نوٹس

ممبئی انڈینز کی مالک نیتا امبانی کو بی سی سی آئی کے اخلاقی امور کے افسرونیت سرن نے ان کے خلاف دائر مفادات کے ٹکراؤ کی شکایت کا جواب دینے کیلئے کہاہے۔

ممبئ: ممبئی انڈینز کی مالک نیتا امبانی کو بی سی سی آئی کے اخلاقی امور کے افسرونیت سرن نے ان کے خلاف دائر مفادات کے ٹکراؤ کی شکایت کا جواب دینے کیلئے کہاہے۔

مدھیہ پردیش کرکٹ اسوسی ایشن (ایم پی سی اے) کے سابق رکن سنجیو گپتا نے یہ شکایت درج کروائی تھی۔ انہوں نے یہ مسئلہ اٹھایا تھاکہ آئی پی ایل میں ممبئی فرنچائزی کی مالک امبانی ریلائنس انڈسٹریز (آر آئی ایل) کی بھی ڈائرکٹر ہیں، جس کی ذیلی کمپنی وائکوم18 نے آئی پی ایل کے نشریات کے حقوق خریدے تھے۔

وائکوم نے یہ حقوق 23758 کروڑ روپے میں 2023 سے2027 تک کی مدت کیلئے خریدا تھا۔ وائکوم18 نے جون میں بی سی سی آئی کے ذریعہ منعقدہ نیلامی میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، یوکے اور جنوبی افریقہ کیلئے ڈیجیٹل حقوق اور میڈیا حقوق (ٹی وی اور ڈیجیٹل دونوں) حاصل کیے تھے۔

سنجیو کے مطابق آئی پی ایل میں ایک ٹیم کے مالک کی حیثیت سے اور آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق حاصل کرنے والی ذیلی کمپنی کے مالک کے طورپر امبانی کی حیثیت مفادات کے ٹکراؤ کی نمائندگی کرتی ہے۔ سپریم کورٹ کے سابق جج سرن نے امبانی کو شکایت کا تحریری جواب داخل کرنے کیلئے2 ستمبر تک کا وقت دیاہے۔

سرن نے امبانی کو اپنے نوٹس میں لکھاکہ آپ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے اتھکس افسر کو بی سی سی آئی کے قواعد و ضوابط کے رول39 (بی) کے تحت کچھ کارروائیوں کے بارے میں شکایت موصول ہوئی ہے جو مبینہ طورپر مفادات کے ٹکراؤ کو تشکیل دیتی ہیں۔

آپ کو 2-9-2022 کو یا اس سے پہلے منسلک شکایت پر اپنا تحریری جواب داخل کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ شکایات درج کرانے والے سنجیوکی ہندوستانی کرکٹ میں مفادات کے ٹکراو کے مسائل کو اٹھانے کی تاریخ رہی ہے۔

ماضی میں انہوں نے ویراٹ کوہلی، سورو گنگولی، وی وی ایس لکشمن، سچن ٹندولکر، راہول دراویڈ، ایم ایس دھونی اور بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا سمیت دیگر لوگوں کے خلاف ایسی شکایات درج کرائی ہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو اور ڈزنی اسٹار، والٹ ڈزنی کمپنی کا حصہ ہیں۔ ڈزنی اسٹار بھی ای نیلامی کا حصہ تھا اور اس نے2023 سے2027 تک ہندوستان کیلئے آئی پی ایل ٹی وی کے حقوق حاصل کیے ہیں۔