حیدرآباد

اب کونسا غلام جے پی نڈا کی چپل اُٹھائے گا، کے ٹی آر کا طنز

چیف منسٹر کے چندرشیکھرراو کے فرزند تارک راماراو نے ساتھ ہی ایک کارٹون بھی پوسٹ کیا۔اس کارٹون میں تلگو زبان میں لکھاگیا ہے کہ آج جے پی نڈا شہر کا دورہ کررہے ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راماراو نے سوال کیا کہ آج کونسا غلام، جے پی نڈا کی چپل اٹھائے گا۔ چند دن پہلے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدربنڈی سنجے کی جانب سے ان کی چپل اٹھاکر ان کو پہننے کے لئے دینے کی ویڈیو سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس میں تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئی تھی۔

 جس کے بعد مختلف گوشوں سے زعفرانی جماعت کے لیڈر پر نکتہ چینی کی جارہی تھی اورریاست کی برسراقتدارجماعت ٹی آرایس کے لیڈروں نے تلنگانہ کی عزت نفس کو امیت شاہ کے پیروں تلے رکھ دینے کا الزام بنڈی سنجے پر لگایا تھا۔

نڈا کے آج دورہ ورنگل ضلع کے سلسلہ میں سوشیل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئیٹر پرسرگرم وریاست کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے کارگذار صدر تارک راما راو نے ایک طنزیہ ٹوئیٹ کیا۔وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے فرزند تارک راماراو نے ساتھ ہی ایک کارٹون بھی پوسٹ کیا۔اس کارٹون میں تلگو زبان میں لکھاگیا ہے کہ آج جے پی نڈا شہر کا دورہ کررہے ہیں۔

کارٹون میں ایک شخص کو دکھایاگیا ہے جو دوسرے شخص کو چپل اٹھاکردے رہا ہے۔تارک راما راو نے اس کارٹون کے ساتھ انگریزی میں لکھا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ اس کیلئے(چپل اٹھانے کیلئے)شدید مسابقت ہوگی۔