حیدرآباد

تلنگانہ کو صحت مند ریاست میں تبدیل کرنا کے سی آر کی خواہش: ہریش راؤ

تلنگانہ اُن ریاستوں کی فہرست میں تیسرے مقام پر ہے جو صحت عامہ کے شعبہ میں سب سے زیادہ رقومات خرچ کررہا ہے۔ ہر یش راؤ نے کہا کہ شہروں اور ٹاونس میں سلم علاقوں کی تعداد زیادہ رہتی ہے جہاں غریب افراد کی اکثریت رہائش پذیر ہوتی ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کو صحت مند ریاست میں تبدیل کرنا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خواہش ہے اور ان کے اس خواہش کی تکمیل کے لئے ہی ہر محلہ میں بستی دواخانوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔

آج راجندر نگر میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی نئی عمارت کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ جیسے ادارہ کا ہوناقابل فخر بات ہے۔ 2015 میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے اس ادارہ کیلئے45ایکر اراضی منظور کی گئی تھی۔ اسی طرح اس ادارے کو 10کروڑ روپے کی مالی مدد بھی فراہم کی گئی۔

 انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ کے دوران عوام اور حکومتوں کو عوامی صحت کا احساس ہوا ہے۔ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں ضروری خدمات، انفرااسٹرکچر اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ گذشتہ8 برسوں سے اس شعبہ پر حکومت کی توجہ کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے روبہ عمل پٹنا پرگتی اور پلے پرگتی پروگرامس کی وجہ سے ملیریا اور ڈینگو جیسی وباء پر قابو پایا جارہا ہے۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد ہیلتھ انڈیکس میں قابل قدر بہتری رونما ہوئی ہے۔ حالیہ پارلیمنٹ اجلاس میں مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت کی جانب سے صحت عامہ کیل ئے کی جارہی خدمات کو قابل ستائش قرار دیا تھا۔

 تلنگانہ اُن ریاستوں کی فہرست میں تیسرے مقام پر ہے جو صحت عامہ کے شعبہ میں سب سے زیادہ رقومات خرچ کررہا ہے۔ ہر یش راؤ نے کہا کہ شہروں اور ٹاونس میں سلم علاقوں کی تعداد زیادہ رہتی ہے جہاں غریب افراد کی اکثریت رہائش پذیر ہوتی ہے۔

ان غریب عوام کو صحت عامہ کی نگہداشت کے لئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بستی دواخانے قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں 259 بستی دواخانے قائم کرتے ہوئے عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ان خدمات کی پلاننگ کمیشن کی جانب سے بھی تعریف کی گئی۔