حیدرآباد

حیدرآباد سے بغداد کیلئے راست پروازوں کا آغاز

جی ایم آر حیدرآباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ لمیٹڈ (GHIAL) نے آج حیدرآباد سے بغداد (عراق) کیلئے پہلی راست پرواز کا آغاز عمل میں لایا۔ فلائی بغداد کی پہلی فلائٹ IF462،15:17 بجے حیدرآباد سے بغداد کیلئے روانہ ہوئی۔

حیدرآباد: جی ایم آر حیدرآباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ لمیٹڈ (GHIAL) نے آج حیدرآباد سے بغداد (عراق) کیلئے پہلی راست پرواز کا آغاز عمل میں لایا۔ فلائی بغداد کی پہلی فلائٹ IF462،15:17 بجے حیدرآباد سے بغداد کیلئے روانہ ہوئی۔

جی ایچ آئی اے ایل کے ذمہ داروں اور اسٹیک ہولڈرس نے ہری جھنڈی دکھا کر پہلی فلائٹ کو روانہ کیا۔ حیدرآباد اور بغداد (عراق) کے درمیان ہفتہ میں دو فلائٹس اتوار اور منگل کو چلائی جائیں گی۔ بغداد سے روانہ فلائٹIF461 منگل کو صبح9:55 بجے حیدرآباد پہنچے گی۔اُسی دن صبح10:55 منٹ کو فلائٹ نمبرIF462 بغداد کیلئے روانہ ہوگی۔

اتوار کو فلائٹ نمبرIF461،11:55بجے بغداد سے حیدرآباد پہنچے گی اور فلائٹ نمبرIF462 اُسی روز12:55بجے دن حیدرآباد سے بغداد کیلئے روانہ ہوگی۔ بغداد سے حیدرآباد راست پروازوں کا آغاز حیدرآباد میں میڈیکل ٹور ازم کو حاصل مقبولیت کا غماز ہے۔ بغداد سے علاج و معالجہ کیلئے مریضوں کی کثیر تعداد ہندوستان آتی ہے۔

مرکزی وزارت سیاحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق عراق سے ہندوستان علاج وسیاحت کے لئے آنے والے عراقیوں کی تعداد دس فیصد ہے اور اس تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ حیدرآباد کو بین الاقوامی سطح پر میڈیکل ٹورازم ہب کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ مناسب شرح پر حیدرآباد میں بہترین طبی سہولتوں کی فرہمی سے بین الاقوامی سطح پر حیدرآباد کی الگ پہچان بنتی جارہی ہے۔

جی ایم آر ائیر پورٹ نے اس حقیقت کو جانتے ہوئے حالیہ عرصہ میں حیدرآباد تا ڈھاکہ (بنگلہ دیش) راست پروازوں کا آغاز کیا تھا۔ عراق کا صدر مقام بغداد،کربلا کو مسلمانوں میں خاصی اہمیت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ ہر سال ہزاروں ہندوستانی زائرین بغداد اور کربلا کا سفر کرتے ہیں۔

کربلا مقبول زیارت گاہوں میں سے ایک ہے اور یہ بغداد کے قریب واقع ہے۔ دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان ان دو مقامات کا دورہ کرتے ہیں۔ عراق میں دیگر مذہبی مقدس مقامات میں بغداد میں حضرت سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒ اور نجف میں خلیفہ چہارم حضرت علی ؓ کے مزارات مقدس شامل ہیں۔

دریائے دجلہ پر بابل کے کھنڈرات بھی ہندوستانی سیاحوں کیلئے دلچسپی کا باعث ہیں وہاں پر بھی سیاحوں کا ہجوم رہتا ہے۔ جی ایم آر عہدیداروں کے مطابق عراق کے تاریخی اور مذہبی مقامات دیکھنے کے خواہشمند لوگوں کے لئے حیدرآباد تا بغداد راست پرواز ایک نعمت ہوگی۔