حیدرآباد

راہول کو کانگریس صدر بنایا جائے، تلنگانہ قائدین کا اصرار

ٹاملناڈو، گجرات، راجستھان اور دیگر ریاستوں کے پردیش کانگریس یونٹوں نے قبل ازیں راہول گاندھی کے حق میں قرار دادیں منظور کی جاچکی ہیں۔2019 کے لوک سبھا الیکشن کے بعد راہول گاندھی نے کانگریس صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

حیدرآباد: تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) نے چہارشنبہ کے روز ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی پر زور دیاکہ وہ قومی پارٹی (کانگریس) کے صدارتی عہد ہ حاصل کرلیں۔ٹی پی سی سی کے مندوبین کے اجلاس میں یہ قرار داد منظور کی گئی۔اس اجلاس کی صدارت پارٹی قائد راج موہن ریڈی نے کی۔

 سی ایل پی قائد ملو بھٹی وکرامارکہ نے صحافیوں کو یہ ب ات بتائی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مندوبین کے اجلاس میں ایک اور قرار داد منظور کی گئی جس میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کو پردیش کانگریس کے صدور کو مقرر کرنے یا نامزد کرنے، اگزیکٹیو کمیٹی تشکیل دینے اور اے آئی سی سی ارکان کے انتخاب کیلئے مجاز گردانا گیا ہے۔

 کانگریس پارٹی نے گذشتہ ماہ یہ کہا تھا کہ پارٹی کے صدارتی انتخابات17 اکتوبر کو منعقد ہوں گے اور نتائج کا اعلان19 اکتوبر کو کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری کے بعد اگر میدان میں ایک امیدوار باقی رہ جائے تو ایسی صورت میں پارٹی کے نئے صدر کے نام کا اعلان 8/ اکتوبر کو کیا جائے گا۔