حیدرآباد

ملک کو کمزور وزیراعظم اور کھچڑی حکومت کی ضرورت:اسد اویسی

ہندوستان میں اگلے لوک سبھا الیکشن کے بعد کمزور وزیراعظم اور کھچڑی (مخلوط) حکومت بننا چاہئے تاکہ سماج کے کمزور طبقات کو فائدہ پہنچے۔

احمدآباد: ہندوستان میں اگلے لوک سبھا الیکشن کے بعد کمزور وزیراعظم اور کھچڑی (مخلوط) حکومت بننا چاہئے تاکہ سماج کے کمزور طبقات کو فائدہ پہنچے۔

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے ہفتہ کے دن احمدآباد میں یہ بات کہی۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ طاقتور وزیراعظم صرف طاقتور لوگوں کا ساتھ دیتا ہے۔

انہوں نے عام آدمی پارٹی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ یہ گجرات میں برسراقتدار بی جے پی سے مختلف نہیں ہے کیونکہ اس نے بلقیس بانو کیس میں خاطیوں کی متنازعہ رہائی کے مسئلہ پر خاموش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی جماعت‘ گجرات اسمبلی الیکشن میں امیدوار کھڑا کرسکتی ہے۔

امکان ہے کہ یہ الیکشن دسمبر میں ہوگا۔ مجلسی قائد نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ملک کو کمزور وزیراعظم کی ضرورت ہے۔ ہم نے طاقتور وزیراعظم دیکھ لیا۔ اب ہمیں کمزور وزیراعظم کی ضرورت ہے تاکہ وہ کمزوروں کی مدد کرسکے۔ طاقتور وزیراعظم صرف طاقتور لوگوں کا ساتھ دیتا ہے۔

ملک کو کھچڑی حکومت کی بھی ضرورت ہے۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار کو اپوزیشن کا امیدوار ِ وزارت ِ عظمیٰ (2024) کے طورپر ابھارنے کی کوششوں پر اسدالدین اویسی نے کہا کہ اپوزیشن نے اگر کسی چہرہ کو مودی کے مدمقابل لانے کی کوشش کی تو اس سے بی جے پی کو فائدہ پہنچے گا۔ اس کے بجائے ہم سبھی کو لوک سبھا کی تمام نشستوں پر بی جے پی کا متحدہ مقابلہ کرنا چاہئے۔