حیدرآباد

ملک کے نازک حالات‘ مسلمانوں سے تعمیری کردار ادا کرنے کی اپیل

نائب صدر جماعت اسلامی ہند پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ ملک کے موجودہ حالات میں تعمیری کردار ادا کریں۔

حیدرآباد: نائب صدر جماعت اسلامی ہند پروفیسر محمد سلیم انجینئر نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ ملک کے موجودہ حالات میں تعمیری کردار ادا کریں۔

دفتر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ زون میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ ملک اپنی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے‘ فسطائی طاقتیں اپنے مخصوص نظریہ کو تھوپنے کے لئے کوشاں ہے۔ اس ٹولہ کے نظریات اور اقدامات سے صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ دیگر ابنائے وطن بھی متاثر ہے۔

اگر آج ہم خاموشی اختیار کرلیتے ہیں تو ملک تباہی کی نذر ہوجائے گا۔ ایسے میں ہماری ذمہ داری ہے کہ متاثرین کی آواز بن جائیں‘ پریشان حال عوام کی مدد کے لئے آگے آئیں‘ ہمارے اس اقدام سے ہمارے مخالف عناصر کی جانب سے پھیلائے جارہے پروپگنڈہ کی نفی ہوگی۔ ابنائے وطن میں ہمارے متعلق موجود غلط فہمیوں کا ازالہ ہوگا اور ایک اچھے ماحول میں ہم دین حق‘ حضور اکرمؐ کی تعلیمات‘ مذہب اسلام کے متعلق معلومات کو عام کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کا اچھا خاصا حصہ اسلام کا عملی نمونہ نہیں ہے ہم کو اسلام میں خود کو ڈھال لینے اور اسلام کی حقانیت اور حضور اکرم ؐ کے اسوہ حسنہ سے ابنائے وطن کو واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں سے اچھی توقع نہیں رکھی جاسکتی‘ یہ حکمران ایک مخصوص ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ وہ اس بات سے بے بہرہ ہوچکا ہے کہ یہ ایجنڈے ملک کے مفاد میں نہیں ہے‘ ملک کو تباہی کی طرف لے جائے گا۔

ان حالات میں ہم کواس ایجنڈے کے مخالف جماعتوں‘ تنظیموں کو ساتھ لے کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ہر مسئلہ پر ردِعمل ظاہر کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ محمد سلیم انجینئر نے کہا کہ ہم کو ردِعمل ظاہر کرنے کے بجائے مناسب انداز میں جواب دینا چاہئے کہ بات ایسی نہیں ایسی ہے۔ ہمارا فوری ردِعمل ظاہر کرنا دانشمندی نہیں ہوگی‘ بلکہ ہم کو حکمت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

شانِ رسالت میں گستاخیوں کے واقعات پر اپنا نظریہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ابنائے وطن حقائق سے غیر واقف ہیں‘ انہیں فسطائی طاقتوں کی جانب سے جو کچھ بتایا گیا اسی کو حقیقت سمجھ رکھے ہیں۔ جماعت اسلامی ہند کی جانب سے ابنائے وطن کو رحمت للعالمین ؐکی عظیم شخصیت‘ سیرت طیبہ سے واقف کرانے کے لئے مہم چلائی جائے گی۔ مختلف زبانوں میں حضور اکرمؐ کی زندگی پر کتابیں شائع کرتے ہوئے تقسیم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دلتوں‘ خواتین ودیگر طبقات کے ساتھ بھی فسطائی ٹولہ کا نظریہ ٹھیک نہیں ہے۔ مسلمانوں کو صرف اپنے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے ان کی پریشانیوں کو بھی دیکھنے حل دریافت کرنے‘ تسلی دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ملک کو اس فسطائی ٹولہ اور مذموم عزائم سے نجات مل جائے گی۔ اس موقع پر میڈیا سکریٹری جماعت اسلامی ہند سید تنویر احمد‘ صدر جماعت اسلامی ہند تلنگانہ زون مولانا حامد محمد خان‘ میڈیا سکریٹری جماعت اسلامی ہند تلنگانہ زون سید فخر الدین علی احمد‘ محمد اظہر الدین ودیگر موجود تھے۔